حکومت فوج جمہوریت کے درمیان بال برابر فرق نہیں ادارے دائر میں رہیں تو ملک ترقی کریگا: احسن اقبال

ننکانہ صاحب(نوائے وقت رپورٹ) وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ کیپٹن حسنین کی شہادت پوری قوم کیلئے فخر ہے۔ شہید کیپٹن حسنین ایف سی کے بہادر افسر تھے۔ جس قوم میں ایسے بہادر ہوں اسے کوئی شکست نہیں دے سکتا۔ وہ شہید کیپٹن حسنین کے گھر پہنچے اور شہید کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ ننکانہ صاحب میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا پاک فوج کے افسر اور جوان خطرات سے گھبراتے نہیں۔ دہشت گردوں کو مکمل طور پر شکست دیں گے۔ ہر ادارہ اپنے دائرے میں کام کرے تو ملک ترقی کرے گا۔ ہم نے پاکستان کو قائداعظم کا پاکستان بنانا ہے جس میں تمام مذاہب کے لوگ امن سے رہ سکیں۔ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں سب متحد ہیں، کسی سطح پر بھی حکومت، جمہوریت اور فوج کے درمیان بال برابر بھی فرق نہیں۔ پاک فوج نے غیر ملکیوں کو بازیاب کرایا۔ فوج کے آپریشن کی بین الاقوامی سطح پر تعریف کی گئی۔ پاکستانی قوم کے جذبوں کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔ ملک دشمن بداعتمادی پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ ملک کی خاطر جانوں کا نذرانہ دینے والے سپاہیوں پر بھی فخر ہے۔ پاک فوج کی پشت پر حکومت اور حکومت کے پیچھے فوج کھڑی ہے۔ فوج ہمارے ماتھے کا جھومر ہے۔ 2017ء کا پاکستان 2013ء سے مختلف ہے۔ شہداء کے خون سے ملک کی زمین امن کا گہوارہ بنے گی۔ میرا بیان فوج کیخلاف نہیں تھا۔ میرے بیان پر وضاحت آنے کے بعد بات ختم ہوگئی۔ ہمیں اس وقت مثبت پہلوئوں کو اجاگر کرنا چاہئے۔
احسن اقبال