اپوزیشن موٹر وے کی سیر کرے‘ دیکھے کیا انقلاب آ رہا ہے‘ رکاوٹ نہ ڈالو‘ پاکستان کو بننے دو: نوازشریف

ننکانہ صاحب+ چیچہ وطنی (نامہ نگاران+ نوائے وقت رپورٹ + نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ آج پاکستان خوشحالی اور ترقی کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے، آپریشن ضرب عضب کی بدولت ملک میں امن و امان کا دور دورہ ہوچکا ہے، پاکستان کی ترقی کا راستہ روکنے والے خود ختم ہوجائیں گے لیکن ترقی کا راستہ نہیں رک سکے گا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف ننکانہ مانگٹانوالہ روڈ پر لاہور کراچی موٹروے کے ایم تھری منصوبہ کی تعمیر کا جائزہ لینے کے لئے ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ 2013ء سے قبل ملک میں کسی بڑے منصوبے کا نام و نشان نہیں تھا، آپریشن ضرب عضب شروع ہونے کی وجہ سے ملک میں امن و امان قائم ہوچکا ہے، کراچی کی رونقیں بحال ہوچکی ہیں، آج ملک کی اکانومی میں بیش بہا اضافہ ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھرنے کس لئے کیے جارہے ہیں تاکہ پاکستان کی ترقی کو روکا جاسکے اور پاکستان کو پچھلی صدیوں میں دھکیل دیا جائے، پاکستان کی اکانومی کی دوسرے ملک بھی تعریف کر رہے ہیں، بلوچستان میں پچھلے کئی برسوں سے بہت برا حشر ہوچکا تھا آج ترقی کی جانب رواں دواں ہے، آج پاکستان میں ترقی کے آثار پیدا ہورہے ہیں، غریب عوام کو روزگار ملنا شروع ہوچکا ہے۔ انہوں نے مخالفت کرنے والوں سے کہا کہ وہ سیاست ضرور کریں مگر غریب کے منہ سے نوالہ نہ چھینیں۔ انہوں نے موٹروے ایم تھری منصوبہ کی شاندار کوالٹی پر تعمیراتی کمپنی کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے ان کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ ایم تھری کا لاہور سے ملتان تک 230کلومیٹر کے فاصلہ میں سے 207کلومیٹر مکمل ہو چکا ہے جبکہ ملتان سے سکھر تک موٹروے کی تعمیر کا سلسلہ تیزی کے ساتھ جاری ہے سکھر سے حیدر آباد اور حیدر آباد سے کراچی تک موٹروے کا منصوبہ اسی سال مکمل ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ننکانہ صاحب میں سیدوالا کے مقام پر پل کی تعمیر کا کام تیزی کے ساتھ جاری ہے اگر اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو میں بہت جلد سیدوالا پل کا افتتاح کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت لاہور کراچی موٹروے پر 50ہزار سے زائد افراد کام کر رہے ہیں ملک بھر میں 13موٹرویز پر کام جاری ہے۔ ملک سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کے لئے متعدد بجلی کے منصوبوں پر بھی کام تیزی کے ساتھ جاری ہے، سال 2018ء تک ملک سے لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ کر دیاجائے گا اور ملک میں ہر طرف روشنیاں ہی روشنیاں ہونگی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہر طرف منصوبے پر منصوبہ لگ رہا ہے، گوادر سے خنجراب تک 2600کلو میٹر کی شاہراہ بن رہی ہے، پاکستان ایشین ٹائیگر بننے والا ہے، انہوں نے کہا ہماری حکومت عوام کا مینڈیٹ لے کر آئی ہے، مدت پوری کرنے کا حق ہے۔ منصوبوں کی تکمیل سے عوام کے گھروں میں خوشحالی آئے گی۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم تبدیلی لے کر آئے ہیں، یہ اکیسویں صدی کا پاکستان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے مشن کو جاری رکھیں گے، مخالفین اپنے مشن کو جاری رکھیں حکومت عوام کا مینڈیٹ لے کر آئی پہلے گھبرائے نہ آئندہ گھبرائیں گے ۔ اپوزیشن کی طرف سے اچھے کاموں کی تو داد ملنی چاہئے۔ ہماری کسی کامیابی کی تو داد دے۔ اپوزیشن کو دعوت دیتا ہوں موٹر وے کی سیر کرے اور دیکھے کیا انقلاب آرہا ہے۔ ہمارا کام خود بول رہا ہے، نیا پاکستان بن رہا ہے نوجوانوں کی آنکھوں میں خواب ہیں، ان خوابوں کو پورا کرو، انہوں نے کہا کہ مخالفین ملکی تعمیر میں رکاوٹیں مت ڈالیں، لوگوں نے انکی طرف دیکھنا بند کر دیا ہے۔ انہیں کہتا ہوں کہ پاکستان کو بننے دو۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے حکمران بجلی بھی ساتھ لے گئے۔ ہم اسے واپس لا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم منصوبوں کو اپنی سرحدوں سے باہر لیکر جا رہے ہیں۔ چین اور سنٹرل ایشیا کے ساتھ ملانے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ملک کے اندر انفراسٹرکچر صحیح ہونا چاہئے، سرحدوں سے باہر جانے سے پہلے ملک کی سڑکیں وغیرہ ٹھیک ہونی چاہئے انہوں نے کہا کہ ہمیں سپیڈ اور کوالٹی بھی اچھی چاہئے، ماضی میں منصوبے 20, 20 سال مکمل نہیں ہوتے تھے اب دو دو سال میں مکمل ہو رہے ہیں۔ ہمیں خوشی ہے کہ پاکستان کی کمپنیوں کو نئی ٹیکنالوجی مل رہی ہے۔ دیکھیں کیا انقلاب آ رہا ہے، یہ کسی انقلاب سے کم نہیں ہے، چھ سڑکیں جا رہی ہیں تین سڑکیں جا رہی ہیں تین آ رہی ہیں کم از کم کسی اچھی بات کی داد تو دیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے بے حساب کارخانے لگ رہے ہیں، جگہ جگہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے منصوبے تعمیر ہو رہے ہیں، انشاء اللہ پاکستان کی بجلی بحال ہو گئی۔ سستی بجلی لے کر آ رہے ہیں اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے بجلی بڑی تیزی سے آ رہی ہے، عنقریب انشاء اللہ بلوکی اور حویلیاں بہادرشاہ، قادر آباد جا کر افتتاح کریں گے بجلی آئیگی تو پاکستان خوشحال ہو گا۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم محمد نواز شریف آج بعد دوپہر 4بجے رائے علی نواز سٹیڈیم چیچہ وطنی میں جلسہ سے خطاب کرینگے سکیورٹی کے انتطامات کے لئے پولیس نے شمس پورہ اور مہر آباد میں سرچ آپریشن کیے اور 238گھروں کی تلاشی لی۔ تا ہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ سراغ رساں کتوں سے سٹیڈیم اور گردو نواح کی آبادیوں میں بھی سرچ آپریشن کیا گیا۔ جلسہ سے 24گھنٹے قبل پورے علاقہ کا کنٹرول پولیس اور سراغ رساں اداروں نے سنبھال لیا ہے اور جلسہ گاہ کو آنے جانے والے راستوں پر سخت چیکنگ کی جا رہی ہے۔ مسلم لیگ ن ضلع ساہیوال کے صدر ملک ندیم کامران نے میڈیا کو بتایا ہے کہ جلسہ کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ وزیراعظم ضلع ساہیوال کے لئے ایک پیکج کا اعلان کرینگے۔ وزیر اعظم کیلئے پانچ ہیلی پیڈ بنائے گئے ہیں۔ جلسہ کے دوران مقامی صحافیوں کو کوریج کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساہیوال محمد عاطف اکرام نے صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہا 1136پولیس افسر اور اہلکار سکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔ جس میں2ایس پیز،7ڈی ایس پیز، 34انسپکٹر ز شامل ہیں۔ مزید براں وزیراعظم نواز شریف کل چین کے دورے پر روانہ ہوں گے۔ وہ ون بیلٹ ون روڈ فورم میں شرکت کریں گے۔ اس دورے کی دعوت چین کے صدر نے دی ہے۔ چینی قیادت کے ساتھ ملاقاتوں میں سی پیک طویل المیعاد وژن پر بھی بات چیت ہو گی۔ وہ دورہ چین کے دوران چینی صدر اور چینی وزیراعظم سے بھی ون ٹو ون ملاقات کریں گے۔ سی پیک پر پیش رفت کے حوالے سے تبادلہ خیال کریں گے۔ اعلی سطح کا ایک وفد وزیراعظم کے ساتھ چین جائے گا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم چینی قیادت سے سی پیک ٹو کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔