ٹرانسپورٹروں کا غیر قانونی طور پر فی سٹاپ10 سے 30 روپے کرائے میں اضافہ
ننکانہ صاحب (نامہ نگار) سیکرٹری ٹرانسپورٹ اتھارٹی لاہور کی طرف سے فی کلومیٹر 69پیسے کرایہ مقرر کیا گیا ہے ، حالیہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے بعد گورنمنٹ کی طرف سے کرایوںمیں کوئی بھی تبدیلی نہ کی گئی ہے جبکہ ٹرانسپورٹ مافیا نے سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ننکانہ اور اس کے عملہ سے مبینہ طور پرملی بھگت کرکے از خود کرایوں میں اضافہ کرکے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے کا سلسلہ شروع کررکھا ہے۔ ننکانہ صاحب سے لاہور 88کلومیٹرکا کرایہ گورنمنٹ کے مقرر کردہ ریٹ کے مطابق 60روپے 72پیسے بنتا ہے جبکہ ٹرانسپورٹ کا عملہ مسافروں سے 75تا 80روپے فی سواری وصول کر رہا ہے ، ننکانہ سے شیخوپورہ 55کلومیٹر کاکرایہ 40روپے کی بجائے50تا 60روپے، ننکانہ سے شاہکوٹ28کلومیٹر کا کرایہ 20روپے کی بجائے 40روپے، ننکانہ صاحب سے جڑانوالہ کا کرایہ 25روپے کی بجائے 50روپے، ننکانہ سے واربرٹن کا کرایہ 17روپے کی بجائے 30روپے، ننکانہ سے بچیکی کا کرایہ 12روپے کی بجائے 30تا 35روپے ، اسی طرح ننکانہ صاحب سے دیگر روٹس پر چلنے والی ٹرانسپورٹ کا عملہ اپنی مرضی سے کرایے وصول کرکے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف ہیں۔اس بابت جب سیکرٹری ڈی آرٹی اے ننکانہ عطیہ قمر سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ گورنمنٹ کی طرف سے کرایوں میں اضافے کا کوئی بھی نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا اگر کوئی ٹرانسپورٹر گورنمنٹ کے مقرر کردہ کرایہ نامہ سے زائد کرایہ وصول کرے گا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے ان کے روٹ پرمنٹ منسوخ کر دیئے جائیں گے۔