نوجوان انجینئر اپنے شعبوں سے وابستہ لوگوں کے تجربات سے مستفید ہوں: ڈاکٹر اکرم چودھری
ملتان (نمائندہ نوائے وقت) پاکستان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالونی ملتان میں ڈائریکٹر انجینئر نثار احمد شکور نے بیروزگاری سے متعلق ایک تقریب کا انعقاد کیا جس کے مہمان خصوصی یونیورسٹی آف سرگودھا کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اکرم چودھری تھے ان کے علاوہ دیگر مہمانوں میں چیئرمین بائیٹ پروفیسر ڈاکٹر عبدالشکور‘ ڈاکٹر جمیل احمد ہائی ٹیک یونیورسٹی ٹیکسلا انجینئر نعیم احمد ایم ڈی پاک امریکن فرٹیلائزر ڈاکٹر عمران چیمہ فاسٹ یونیورسٹی لاہور انجینئر شفقت اصغر جی ایم ریٹائرڈ واپڈا‘ انجینئر مبشر ریجنل جنرل منیجر ٹیکنیکل پی ٹی سی ایل ملتان‘ انجینئر نصراﷲ بابر رجسٹرار این ایف سی آئی ای ٹی ملتان انجینئر چودھری شوکت چیف ایگزیکٹو آفیسر (ر) واپڈا‘ ڈاکٹر منصور عبدالمجاہد امام ایچ او ڈی سول بائیٹ ملتان کے علاوہ تعلیم اور صنعت سے وابستہ مختلف شعبہ جات سے انجینئرز نے تقریب میں شرکت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا ڈاکٹر محمداکرم چودھری اور ڈائریکٹر بائیٹ انجینئر وقار احمد شکور نے تعلیمی تحقیق کی اہمیت پر زور دیا انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ اپنی صلاحیتوں سے استفادہ کیلئے اپنے اپنے شعبوں سے وابستہ لوگوں کے تجربے سے مستفید ہوں اس طرح نوجوان انجینئرنگ کے میدان میں عملی طور پر زیادہ موثر طریقے سے اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں پروفیسر ڈاکٹر محمد اکرم چودھری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایسی تقریبات کا انعقاد خوش آئند ہے انہوں نے بیروزگاری کے مسئلے کے حل کیلئے تجاویز دیں تقریب کے آخر میں انسٹیٹیوٹ کے پوزیشن ہولڈرز طلباءمیں انعامات تقسیم کئے گئے۔