کرنٹ لگنے کے واقعات میں خاتون سمیت 4 افراد زندگی کی بازی ہار گئے
ملتان (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگاران) کرنٹ لگنے کے واقعات میں خاتون سمیت 4 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ فیصل آباد دھاندرہ کا رہائشی 24 سالہ طارق محمود گھر کی چھت پر سو رہا تھا کروٹ لینے کے دوران اس کا ہاتھ بجلی کی ہائی وولٹیج تاروں سے چھو گیا کرنٹ کا زبردست جھٹکا لگنے سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ کنجوانی کے علاقہ گڑھ فتح شاہ کے نواح میں ساشی موڑ پر توڑی سے لدی ٹرالی سڑک کے اوپر سے گزرنے والی بجلی کی تاروں سے ٹکرا گئی جس سے کرنٹ لگنے سے ٹریکٹر پر سوار زوار احمد اور محمد خان موقع پر دم توڑ گئے۔ جبکہ محمد فیروز بری طرح جھلس گیا جسے ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اسکی حالت بہتر بتائی گئی ہے۔موچھ میں سوانس شہر کے ڈیرہ جھنڈی خیلانوالہ میں مجید خان کی بیوی مہر خاتون اپنے گھر میں واٹر پمپ کا بٹن دباتے ہوئے موت کے منہ میں چلی گئی۔