بلدیاتی انتخابات میں حکومتی مشینری کا بے دریغ استعمال جاری ہے: یوسف رضا
ملتان (خاتون رپورٹر) سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں حکومتی مشینری کا بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے اس کے باوجود ہم جیت کے لئے پر عزم ہیں بلدیاتی انتخابات گلی محلوں کا الیکشن ہے جس میں پارٹی منشور استعمال نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اقلیتوں کے حوالے سے بہت اقدامات کئے مگر بھارت میں اقلیتوں کے لئے بہت مشکلات پیدا کی جا رہی ہیں جس پر دکھ ہوتا ہے۔ وہاں کے دانشور اپنے میڈل واپس کر رہے ہیں۔ دنیا میں جمہوریت کی دعویدار حکومت نے اقلیتوں پر عرصہ حیات تنگ کر دیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں کہ فرانس ہم پر دہشت گردی کا الزام لگا رہا ہے انہوں نے کہا کہ جب مقدمہ عدالت میں آئے گا تو دیکھا جائے گا۔ ماڈل ایان علی کے ذکر پر انہوں نے کہا کہ شکر ہے اس کیس میں میرا نام نہیں آیا۔ یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ اقلیتیں اور خواتین میرا حلقہ ہیں۔ پیپلز پارٹی اقلیتوں‘ خواتین‘ مزدور اور مظلوم طبقوں کے حقوق کی ضامن ہے۔ہم نے اپنے دور حکومت میں اقلیتوں اور خواتین کے حقوق کے لئے تاریخی اقدامات کئے۔ اقلیتوں کے حقوق کے لئے سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر اور وفاقی وزیر برائے اقلیتی امور جیسے رہنما کھو دئیے۔ مقامی ہوٹل میں آل پاکستان مینارٹیز الائنس کے زیر اہتمام اور فارمرز ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے اشتراک سے منعقدہ اقلیتی کانفرنس بعنوان ’’دھرتی ماں‘‘ سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا ہم نے اقلیتوں کے لئے سرکاری نوکریوں میں 5 فیصد کوٹہ‘ سینیٹ میں چار اقلیتی نشستیں مختص کرائیں اور 11 اگست کو یوم اقلیت قرار دیا۔ ہم اقلیتوں کے حقوق‘ زرعی مسائل کے حل کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ آل پاکستان مینارٹیز کی وائس چیئرپرسن نجمی سلیم‘ نوید عامر جیوا نے کہا ہم اقلیتوں کے حقوق کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ قائداعظم? کے نظریات کی روشنی میں شہباز بھٹی کا مشن آگے بڑھائیں گے۔ ایم پی اے شکیل مارکس کھوکھر‘ میری گل‘ پاسٹر شہزاد اور ارجن جی نے کہا اقلیتوں کو مذہبی بنیاد پر تعصبات کا سامنا ہے۔ گرجا گھر‘ مندر اور اقلیتوں کی عبادت گاہوں پر دہشت گردی ہو رہی ہے۔ تقریب سے ایم پی اے سلطانہ شاہین‘ زہرہ سجاد‘ حیات اللہ نیازی‘ صفیہ آفتاب نے بھی خطاب کیا۔ تقریب سے فارمرز ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر غلام مصطفیٰ بلوچ نے شرکائ کو آگاہی دی۔ تقریب میں سیاسی‘ سماجی‘ مذہبی شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔