سلنڈر پھٹنے سے 4 دکانیں خاکستر ، 2 افراد جھلس گئے
ملتان (کرائم رپورٹر) پرانا شجاع آباد روڈ پر ایل پی جی شاپ میں لیکج کے باعث گیس سلنڈر پھٹنے سے آگ لگ گئی ، 4 دکانوں میں موجود لاکھوں روپے کا سامان جل گیا جبکہ دو افراد جھلس گئے ۔ واضح رہے کہ عمران نے قطب پور کے علاقہ پرانا شجاع آباد روڈ پر غیر قانونی ایل پی جی شاپ بنا رکھی تھی ۔ گزشتہ روز دکان میں گیس سلنڈر زور دار دھماکہ سے پھٹ گیا جس کے نتیجہ میں دکان میں آگ لگ گئی ۔ آگ اس قدر خوفناک تھی کہ اس نے قریب موجود حمید اور طارق سبزی والے کی دکانوں اور سٹور کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق آتشزدگی سے عمران کا والد شبیر اور ہوٹل پر کام کرنے والا ایک لڑکا جھلس گیا ۔ اطلاع پر ریسکیو 1122کی ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا جبکہ جھلسنے والوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔