اسحاق ڈار نیا قرضہ لیکر سمجھتے ہیں کشمیر فتح کر لیا: سراج الحق
لاہو / ملتان ر (سپیشل رپورٹر) جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک کی دو بڑی شخصیات کی بیرونی ملک رکھی گئی دولت پاکستان منتقل کی جائے تو ملک کے سارے قرضے ختم ہو سکتے ہیں۔ اشرافیہ بینکوں کو لوٹ کر دولت لندن، پانامہ اور ملائیشیا میں چھپا رہی ہے۔ قوم کے ہاتھوں میں ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے قرضوں کی ہتھکڑیاں ہیں۔ انہیں توڑنے کے لئے قوم کو جاگنا ہوگا۔ مردان ریلوے سٹیشن گراؤند میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پانامہ کا فیصلہ نہ جانے کب آئے لیکن ہم چاہتے ہیں کہ یہ عوام کے حق میں ہو، بدقسمتی ہوگی کہ لوگ مایوس ہوجائیں اور سڑکوں اور چوراہوں پر نکل کر لٹیروں کا احتساب شروع کردیں۔حکمران اس دن سے ڈریں کہ جب غریب جھونپڑیوں سے نکل کر انکے محلات کا گھیراؤ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام روشن پاکستان کی خاطر ووٹ دیتے ہیں لیکن دھاندلی کی وجہ سے اندھیرے انکے نصیب میں ہوتے ہیں ۔قوم کا پیمانہ صبر لبریز ہو چکا ہے اب وہ سلیکشن ماننے کے لئے تیاز نہیں ہے اب چاہے کچھ بھی ہو جائے حکمرانوں کا الیکشن کرانا پڑے گا۔سراج الحق نے کہا کہ نئی نسل فنکاروں اور اداکاروں سے نہیں بلکہ مکہ اور مدینہ سے پیار کرتے ہیں وہ ملک کو امریکہ کے وفاداروں اور انکے دلالوں سے نجات دلانے کے لئے کمربستہ ہیں۔ٹرمپ اور اوبامہ سے ڈرنے والے حکمرانوں کی ملک کو ضرورت نہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے لسانیت اور دیگر تعصبات کی آگ بڑھکائی ہے وہ رنگ جھنڈے نام اور پارٹیاں بدل بدل کر قوم پر مسلط ہو رہے ہیںلیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔وزیر خزانہ نیا قرضہ لے کر سمجھتے ہیں کہ جیسے انہوں نے کشمیر فتح کر لیا ہے۔ قرضہ لینا کوئی معاشی مہارت نہیں بلکہ نالائقی ہے ۔