یوسف رضا گیلانی کی نااہلی کی مدت آج ختم ہو جائیگی‘ پیپلز پارٹی کا جشن کا اعلان، نظرثانی اپیل کا عندیہ
ملتان (نمائندہ نوائے وقت) سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے اپنی پانچ سالہ مدت نااہلی ختم ہونے پر سزا کا لیبل اتارنے کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے نظرثانی اپیل دائر کرنے کا عندیہ دیدیا۔ سید یوسف رضا گیلانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نےہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا۔ بطور وزیراعظم آئین کی پاسداری کا حلف لیا تھا اور آئین میں صدارتی استثنا کے باعث خط نہیں لکھا تھا جس پر اس وقت کے چیف جسٹس نے پانچ سیکنڈ کی سزا سناتے ہوئے پانچ برس کیلئے نااہل قرار دیدیا مگر ہم نے تمام تر تحفظات کے باوجود عدالتی فیصلہ قبول کیا۔ سابق وزیراعظم نے اپنا آئندہ کا لائحہ عمل بتاتے ہوئے کہا ہے کہ اس سزا کا لیبل اتارنے کے لئے سپریم کورٹ میں نظرثانی کی اپیل دائر کریں گے۔ انہوں نے مشکل وقت میں ساتھ دینے پر پارٹی قیادت اور عوام کا شکریہ بھی ادا کیا۔ واضح رہے کہ 26 اپریل 2012 کو اس وقت کے صدر آصف علی زرداری کے خلاف سوئس حکام کو خط نہ لکھنے پر سپریم کورٹ نے توہین عدالت کے الزام میں منتخب وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کو چند سیکنڈ کی سزا سنائی اور پانچ سال کے لئے نااہل قرار دیدیا تھا اور پانچ سال نااہلی کی سزا کی مدت آج 26 اپریل 2017ءکو ختم ہو جائے گی۔