برن یونٹ میں ایمرجنسی آپریشن تھیٹر مکمل فعال کرنے کا فیصلہ
ملتان (سٹاف رپورٹر) پرنسپل و ایم ایس نشتر میڈیکل کالج و ہسپتال ڈاکٹر کامران سالک اور ڈاکٹر ملک عاشق حسین نے گزشتہ روز برن یونٹ کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے برن یونٹ میں ایمرجنسی آپریشن تھیٹر مکمل اور آئی سی یو جزوی طور پر فعال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مقصد کیلئے نشتر ہسپتال کے وسائل استعمال کئے جائیں گے جبکہ سٹاف بھی نشتر ہسپتال سے فراہم کیا جائے گا۔ اس ضمن میں ایم ایس نشتر ہسپتال ڈاکٹر عاشق حسین نے کہا کہ برن یونٹ میں آنے والے بیشتر مریضوں کے آپریشن نشتر ہسپتال میں کئے جا رہے ہیں جبکہ ایمرجنسی اور آپریشن تھیٹر مکمل اور آئی سی یو جزوی طور پر فعال ہونے سے تمام آپریشن برن یونٹ میں کئے جائیں گے۔