ادیب شاعر ، دانشور معاشرے کی آواز ہوتے ہیں : زاہد سلیم گوندل
ملتان (نامہ نگار خصوصی) سپیشل سیکرٹری برائے لاء اینڈ آرڈر زاہد سلیم گوندل نے کہا ہے کہ ملتان محبت کرنے والوں کا شہر ہے ۔ یہ صوفیاء کی دھرتی ہے اور اس خطے کے لوگ بھی امن اور محبت کا پیغام عام کرتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان ٹی ہائوس کے زیر اہتمام معروف شاعر ، ڈرامہ نگار اور کالم نگار منصور آفاق کے ساتھ ایک شام میں صدارتی خطاب کے دوران کیا ۔ تقریب کی مہمان خصوصی پنجاب انسٹیٹیوٹ آف لینگویج اینڈ کلچر (پلاک) کی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر صغریٰ صدف تھیں ۔ مہمانان اعزاز میں سی پی او ملتان چوہدری محمد سلیم اور محمد افضل شیخ شامل تھے ۔ اس موقع پر خالد مسعود خان ، شاکر حسین شاکر ، قمر رضا شہزاد ، رضی الدین ، نوازش علی ندیم اور ندیم بھابھہ نے منصور آفاق کے فن اور شخصیت پر اظہار خیال کیا ۔ زاہد سلیم گوندل نے مزید کہا کہ ملتان ٹی ہائوس میرا ایک دیرینہ خواب تھا ۔ انہوں نے کہا کہ جب میں ملتان آیا اور میں نے یہاں شاعروں ، ادیبوں کے ساتھ ملاقات کی تو ان سے پوچھا کہ میں اس شہر اور دانشوروں کی کیا خدمت کرسکتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہاں کوئی ایسی جگہ چاہتے ہیں جہاں ہم مل بیٹھ کر تبادلہ خیال کرسکیں اور جہاں تقریبات بھی منعقد ہوسکیں ۔ وہ تو یہ بات کہہ کر بھول گئے لیکن میں نے سوچا کہ یہ موقع ہے کہ کوئی ایسا کام کر جائوں جو ملتان والوں کو ہمیشہ میری یاد دلاتا رہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ٹی ہائوس اب ایک ثقافتی مرکز بن چکا ہے ۔ لاہور ، کراچی اور اسلام آباد کے دانشور بھی ملتان ٹی ہائوس کو رشک سے دیکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ادیب ، شاعر اور دانشور معاشرے کی آواز ہوتے ہیں وہ اپنی شاعری ، افسانوں اور دیگر تخلیقات کے ذریعے وہ سب کچھ بھی کہہ دیتے ہیں جو ہمارے دل میں تو ہوتا ہے لیکن ہم اسے زبان پر نہیں لاتے ۔ زاہد سلیم گوندل نے مزید کہا کہ منصور آفاق کو پڑھتا ہوں ان کی شاعری اور کالم مجھے پسند ہیں وہ بے شک حکومت سے اختلاف کرتے ہیں ۔ ہماری پالیسیوں پر بھی تنقید کرتے ہیں لیکن اس کے باوجود ہم کھلے دل سے یہ تنقید سنتے ہیں اور کالم نگاروں کی تحریروں کو مدنظر رکھ کر اپنی خامیوں کی اصلاح کی کوشش بھی کرتے ہیں ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پلاک ڈاکٹر صغریٰ صدف نے کہا کہ منصور آفاق ایک خوبصورت انسان اور سچا تخلیق کار ہے ۔ ڈاکٹر صغریٰ صدف نے مزید کہا کہ ملتان میں پلاک کا ایم ایف ریڈیو بہت جلد کام شروع کر دے گا اور ملتان میں پلاک کے علاقائی دفتر کے قیام اراضی کی حصول کی کوششیں بھی جاری ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پلاک اس خطے میں تعصبات سے بالاتر ہو کر علاقائی زبانوں کی خدمات کرنا چاہتا ہے ۔