حضرت حافظ جمال اللہؒ نے ہزاروں لوگوں کو مسلمان کیا: مقررین
ملتان (نامہ نگار خصوصی) اولیاء اللہ کے آستانوں پر حاضری سے دل کو سکون اور اذہان معطر ہوتے ہیں ملک کو دہشت گردی سے بچانے کیلئے نظام اسلام کا نفاذ کیا جائے حضرت حافظ جمال اللہ ؒنے ساری زندگی قال اللہ اور قال رسول اللہ کا درس دیا اور تبلیغ اسلام کے ذریعے ہزاروں لوگوں کو مسلمان کیا اسلام کے پیغام امن کو فروغ دیتے ہوئے زندگی گزاری، آج بھی ان کے فیوض و برکات سے لاکھوں لوگ فیضیاب ہو رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار حضرت بہاء الدین زکریا ؒ کے سجادہ نشین مخدوم شاہ محمود قریشی درگاہ حضرت حافظ جمال اللہؒ کے خطیب معروف عالم دین علامہ صاحبزادہ حفیظ اللہ شاہ مہروی اور صاحبزادہ احمد میاں خان نے حضرت حافظ جمال اللہ ؒ کے سالانہ عرس کے موقع پر جمالؒ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس کی صدارت سجادہ نشین مخدوم شہباز حسین جمالی نے کی۔ تحریک امن بحالی پاکستان کے چیئرمین مخدوم سید غلام یزدانی گیلانی ، سید شفقات احمد معینی اجمیری، میاں جمیل احمد ، ملک ظہور احمد مہے، اکمل وینس، مخدوم زادہ ارسلان اختر، مخدوم زادہ شاہ زیب حسین، سردار مشتاق احمد خان بروہی،وسیم خان ایڈووکیٹ، صاحبزادہ طیب حفیظ شاہ مہمانان خصوصی تھے۔ تقریب سے مخدوم محمد احسن چشتی، مولانا صادق سیرانی، مخدوم سجاد حسین جمالی، مخدوم محمد حسن جمالی، صوفی سجاد علی حامدی، الحاج اشرف قریشی نے بھی خطاب کیا جبکہ حمید نواز، عاصم نواز، حاجی غلام شبیر نے ہدیہ نعت پیش کی۔