وزیراعظم نواز شریف کی موجودگی میں جے آئی ٹی کیسے کام کریگی: شاہ محمود
ملتان (نامہ نگار خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ دو ججز نے کہا کہ الیکشن کمشن وزیراعظم کو نااہل قرار دے۔ باقی تین ججوں نے وزیراعظم کی تفصیلی تلاشی کا حکم دیا۔ آج تحریک انصاف سمیت سب جماعتیں وزیراعظم سے استعفا کا مطالبہ کر رہی ہیں۔ عوام 28 اپریل اسلام آباد پہنچیں۔ پانامہ کے فیصلے پر لوگوں کو آگاہ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملتان ایئرپورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اہل سندھ کو دیکھ محسوس ہوا کہ انہیں دیانتدار قیادت کی ضرورت ہے۔ دادو اور سندھ کے عوام نے تحریک انصاف کے قائدین کا بھرپور استقبال کر کے محبت کا ثبوت دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام کو بجلی پانی خوراک سمیت کچھ بھی میسر نہیں۔ سندھ میں کرپشن عروج پر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاہور بار نے وزیراعظم کو سات دن کی مہلت دی ہے کہ وہ مستعفی ہو جائیں۔ وگرنہ وکلاءبھی اپنے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی سیاسی جماعت ہماری سوچ سے متفق ہے تو اسے ویلکم کہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم میاں نواز شریف کی موجودگی میں جے آئی ٹی کیسے کام کرے گی اور خود وزیراعظم جے آئی ٹی کے سامنے کیسے پیش ہوں گے۔ یہ سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) والے مٹھائی تقسیم کرنے سے پہلے فیصلہ پڑھ لیتے تو ایسا نہ کرتے۔ انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پانامہ کے فیصلے کا اردو ترجمہ کرا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مولا بخش چانڈیو کے بیان پر ردعمل بھی نہیں دینا چاہتا۔
شاہ محمود