پیپلز پارٹی نے جمہوریت کیلئے سب سے زیادہ قربانیاں دیں: یوسف رضا
ملتان (نمائندہ نوائے وقت) سابق وزیراعظم و سینئر وائس چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کے نوجوانوں کا کنونشن 15 دسمبر کو چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ملتان جلسہ کی تاریخی کامیابی کا پیش خیمہ ثابت ہو گا جبکہ 15 دسمبر کو چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ملتان کے جلسہ عام میں خطہ کی محرومیاں‘ پسماندگی کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ پارٹی منشور کے نکات بھی پیش کریں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز یوتھ آرگنائزیشن جنوبی پنجاب کے صدر سید عارف شاہ کی جانب سے منعقدہ یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا اور کہا کہ نوجوان کارکن ہمارا فخر اور پارٹی کا قیمتی سرمایہ ہیں اور 60 فیصد ملکی نوجوان آبادی کی حقیقی نمائندگی صرف چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کرتے ہیں کیونکہ وہ خود نوجوان قیادت میں کوئی ادھیڑ عمر شخص نوجوانوں کی قیادت نہیں کر سکتا جبکہ چیئرمین بلاول بھٹو اور پیپلز پارٹی یوتھ پر انحصار کررہے ہیں اور برسراقتدار آ کر نوجوانوں کیلئے یوتھ پالیسیاں مرتب کریں گے۔ 15 دسمبر کو چیئرمین بلاول بھٹو کے مثالی جلسہ عام میں نوجوانوں کا سمندر امڈ آئے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی اسمبلی میں پیپلز پارٹی نے بل پیش کر کے اپنا حق ادا کیا ہے اور جمہوریت کیلئے جتنی قربانیاں پیپلز پارٹی نے دیں کسی اور جماعت نے نہیں اور پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنوں نے مل کر جمہوریت کے دوام کیلئے قربانیاں پیش کیں اور پیپلز پارٹی ہی قوم و ملک کی ترقی و خوشحالی کی ضامن اور جمہوریت کی محافظ جماعت ہے۔ پیپلز یوتھ جنوبی پنجاب کے صدر سید عارف شاہ اور پیپلز یوتھ آرگنائزیشن جنوبی پنجاب کے جنرل سیکرٹری فہیم خان‘ پی وائی او کے دیگر رہنما سیف علی بھٹی‘ رانا عابد علی‘ محمد علی نومی بھٹہ‘ دانیال ہراج‘ بابر خان مہمند‘ ظہیر شاہ‘ ضیغم خان نے بھی خطاب کیا۔