ایاز صادق کی ایرانی ہم منصب سے ملاقات سیکیورٹی و اقتصادی تعاون کے فروغ پر اتفاق
تہران/ ملتان (صباح نیوز)پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے دارالحکومت تہران میں ایران کے اسپیکر سے ملاقات کی۔اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان کے اسپیکروں نے ہفتہ کے روز تہران میں ایک ملاقات کے دوران دوطرفہ باہمی تعلقات اور پارلیمانی تعاون سمیت خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا.مجلس شورای اسلامی (پارلیمنٹ) کے اسپیر علی لاریجانی نے اپنے پاستانی ہم منصب سردار ایاز صادق ے ساتھ ہونے والی ملاقات میں علاقائی اور بین الاقوامی حالات اوردیگرامور پر تبادلہ خیال کیا۔دونوں ممالک کے اسپیکروں نے مختلف میدانوں منجملہ سیکورٹی اور اقتصادی میدانوں میں باہمی تعاون کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے پر زور دیا ہے،ملاقات کے بعد ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے اپنے پاکستانی ہم منصب کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں دہشت گردی کے خلاف تہران اور اسلام آباد کے تعاون کی ضرورت پر زور دیا - ڈاکٹرعلی لاریجانی نے کہا کہ علاقے میں امن و امان کی برقراری کے سلسلے میں پاکستان کا کردار اہم ہے اور اسی لئے پاکستانی اسپیکر کے ساتھ ملاقات میں علاقے کی سیکورٹی کے مسائل پر خاص طور پر بات چیت ہوئی - ان کا کہنا تھا کہ تہران اور اسلام آباد دوطرفہ تعلقات کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینا چاہتے ہیں تاکہ علاقے میں مسائل کے حل کے لئے مشترکہ نظریات تک پہنچا جا سکے- ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے اپنے پاکستانی ہم منصب کے ساتھ مذاکرات کو مثبت اور تعمیری قراردیا اور کہا کہ مذاکرات کے دوران مختلف معاملات خاص طور پر اقتصادی تعاون کی توسیع کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا -پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر ایازصادق نے بھی اس مشترکہ پریس کانفرنس میں اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ مسلمانوں کے درمیان اتحاد ویکجہتی کے لئے زیادہ سے زیادہ کوشش کی ضرورت ہے کہا کہ دہشت گردی ایک ایسا مسئلہ ہے جس پر سب کو توجہ دینی چاہئے- انہوں نے پاکستان میں فوجی ٹریننگ حاصل کرنے کے لئے ایرانی کیڈٹوں کو پاکستان بھیجنے کی بھی درخواست کی اور کہا کہ ایران اور پاکستان کے سیکورٹی کے حکام اور مشیروں کو منظم طریقے سے ایک دوسرے سے ملاقات کرتے رہنا چاہئے اور دونوں ملکوں کی افواج کے تعلقات کو بھی زیادہ سے زیادہ بہتر بنانے کے لئے اقدامات کئے جانے چاہئیں - پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر نے مسئلہ کشمیر کا بھی ذکرکرتے ہوئے کہا کہ یہ مسئلہ سیاسی طریقے سے ہی حل ہوسکتا ہے - انہوں نے ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر سے کہا کہ وہ اس سلسلے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق قدم اٹھائے،واضح رہے کہ پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق ایک اعلی سطحی پارلیمانی وفد کے ہمراہ جمعہ کو ایران ے پانچ روزہ دورے پر تہران پہنچے اورمختصر دورے پرقم گئے جہاں انہوں نے حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا ے مقدس روضے پر حاضری دی۔