پاکستان حالت جنگ میں ہے ‘ اسی کے پیش نظر پالیسیاں بنانا ہونگی: شاہ محمود

ملتان (ریڈیو نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود نے کہا کہ پاکستان حالت جنگ میں ہے اور اسی کے پیش نظر پالیسیاں بنانا ہوں گی‘ بھارت کے ساتھ مسائل حل کیے جانے چاہئیں اور افغانستان کے ساتھ محاذ آرائی ملکی مفاد میں نہیں۔ ملتان ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ فرانس پاکستان کو سول نیوکلیئر معاہدے کیلئے تیار ہوگیا ہے اور وہ پاکستان کو جوہری ٹیکنالوجی فراہم کرے گا۔ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر مبنی سٹریٹجک پارٹنرشپ قائم کی جائے گی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ فوجی آپریشن والے علاقوں سے نقل مکانی کرنے والوں کیلئے جامع منصوبے کا اعلان کیا ہے پوری قوم کردار ادا کرے۔ اقلیتوں سے متعلق سوال پر وزیر خارجہ نے کہا کہ انہیں قومی دھارے میں لایا جائے گا۔آن لائن کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود نے کہا کہ پاکستان اس وقت حالت جنگ میں ہے اور قوم کو ذہنی طور پر تیار رہنا ہو گا۔ ہمیں اپنی داخلہ اور خارجہ پالیسی بنانا ہو گی۔ سوات میں عوام اور فوج کے حوصلے بلند ہیں۔ دہشت گردوں کو جلد شکست دیدیں گے‘ فوجی آپریشن کے خاتمے کا ٹائم فریم نہیں دے سکتے۔
شاہ محمود