ملتان : غوث بہاءالدین زکریاؒ کا عرس آج سے شروع‘ سخت حفاظتی اقدامات

ملتان (سٹاف رپورٹر + نیوز رپورٹر) حضرت غوث بہاءالدین زکریا سہروردی ملتانیؒ کے 770ویں سالانہ عرس مبارک کی سہ روزہ تقریبات آج جمعرات 21 جنوری سے درگاہ عالیہ میں شروع ہو رہی ہیں۔ تقریبات کا افتتاح دس بجے دن درگاہ کے سجادہ نشین اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی تقریب غسل سے کریں گے۔ اس موقع پر دربار حضرت موسیٰ پاک شہیدؒ کے سجادہ نشین مخدوم سید وجاہت حسین گیلانی‘ صوبائی وزیر اوقاف حاجی احسان الدین قریشی اور وائس چانسلر بہاءالدین زکریا یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اللہ مہمانان خصوصی ہوں گے۔ اس سلسلے میں منعقدہ قومی زکریا کانفرنس سے ممتاز علماءاور دانشور خطاب کریں گے۔ 22 جنوری جمعہ کودس بجے دن قومی زکریا کانفرنس کی دوسری نشست میں وفاقی وزیر مذہبی امور صاحبزادہ سید حامد سعید کاظمی‘ سجادہ نشین گڑھی شریف خواجہ غلام قطب الدین فریدی اور قاری محمد میاں مہمانان خصوصی ہوں گے۔ 23 جنوری ہفتہ کو اختتامی نشست میں سجادہ نشین کوٹ مٹھن شریف خواجہ معین الدین کوریجہ‘ جماعت اہلسنت کے سربراہ صاحبزادہ حامد سعید کاظمی‘ صوبائی امیر بلوچستان پیر خالد سلطان القادری اور مفتی مختار احمد درانی اور دیگر علماءو مشائخ شریک ہوں گے۔ حضرت بہاءالدین زکریاؒ کے مزار کے گردو پیش خصوصی حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔ لوگوں کی نقل و حرکت نوٹ کرنے کے لئے خفیہ کیمرے‘ سکیورٹی بیریئر اور واک تھرو گیٹ بھی لگائے گئے ہیں۔ مزار کے گردو پیش سے کھوکھے بھی ہٹا دئیے گئے ہیں۔ دریں اثناءمیرپور خاص سے زائرین کے لئے چلائی جانے والی خصوصی ٹرین آج شام 5 بجے کینٹ ریلوے سٹیشن پہنچے گی۔ ٹرین 12 بوگیوں پر مشتمل ہے۔ یہ ٹرین 23 جنوری کو شام 4 بجے کینٹ سٹیشن سے واپس روانہ ہو گی۔ زائرین کی سہولت کے لئے قلعہ کہنہ قاسم باغ پر ریزرویشن دفتر قائم کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں زکریا ایکسپریس اور شاہ رکن عالم ایکسپریس کے ساتھ اضافی بوگیاں لگائی جا رہی ہیں۔