علامہ اقبالؒ آفاقی شاعر‘ مسلمان پاک و ہند میں آزادی کی روح بیدار کر کے خواب غفلت سے جگایا
ملتان (لیڈی رپورٹر) ڈائریکٹر ائیر یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر حیات محمد اعوان نے کہا ہے کہ علامہ اقبالؒ ایک آفاقی شاعر ہیں۔ علامہ اقبالؒ نے اپنی شاعری کے ذریعے مسلمانان پاک و ہند میں آزادی کی روح بیدار کی اور انہیں خواب غفلت سے بیدار کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن اور نظریہ پاکستان فورم ملتان کے زیراہتمام شمع بناسپتی و کوکنگ آئل ملتان کے تعاون سے شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ اقبالؒ کے 79 ویں یوم وفات کے سلسلہ میں تین روزہ تقریبات کے پہلے روز گورنمنٹ علمدار حسین اسلامیہ ڈگری کالج ملتان میں منعقدہ ’’علامہ اقبالؒ کانفرنس 2017ئ‘‘ بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب کی صدارت پرنسپل پروفیسر جاوید اختر نعیم نے کی جبکہ مہمانان اعزاز صدر نظریہ پاکستان فورم پروفیسر حمید رضا صدیقی‘ صدر ینگ پاکستانز آرگنائزیشن نعیم اقبال نعیم اور مارکیٹنگ منیجر شمع بناسپتی عمرن اعظمی شامل تھے۔ تقریب کی نظامت کے فرائض پروفیسر ساجد اقبال اور جنرل سیکرٹری ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن وقاص فرید قریشی نے سرانجام دئیے۔ اس موقع پر کالجز کے طلباء و طالبات میں تقاریر اور کلام اقبال ترنم سے پڑھنے کے مقابلے بھی ہوئے جن میں ججز کے فرائض پروفیسر نصرت محمود خان‘ پروفیسر مختار احمد اور پروفیسر ظفر عباس نقوی نے سرانجام دئیے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ نئی نسل کو علامہ اقبالؒ کی تعلیمات اور فکر کو اپنانا ہوگا۔