فیصلے سے ادارے‘ جمہوریت اور ملک مضبوط ہوا: محمد علی کھوکھر

فیصلے سے ادارے‘ جمہوریت اور ملک مضبوط ہوا: محمد علی کھوکھر

ملتان(سپیشل رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی بیرسٹر محمد علی کھوکھر‘ سٹی صدر رانا شاہد الحسن نے کہا ہے کہ فیصلہ سے اداروں‘ جمہوریت اور ملک کو تقویت ملی ہے۔ عمران خان کو دھرنوں‘ سازش اور عدم برداشت کی سیاست چھوڑنی ہو گی۔ پاکستان ایشیاء نہیں بلکہ دنیا کا ٹائیگر بنے گا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اس موعق پر رکن صوبائی اسمبلی سلطانہ شاہین‘ اکرم اکی‘ محمد اﷲ خان و دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر کارکنوں میں مٹھائی بھی تقسیم کی گئی۔ بیرسٹر محمد علی کھوکھر نے مزید کہا کہ وزیراعظم میاں نواز شریف نے چھ ماہ پہلے ہی سپریم کورٹ کو خط لکھا تھا آج کا فیصلہ ان کے مطالبے کی توثیق کرتا ہے۔ جے آئی ٹی سے مکمل تعاون کریں گے۔ پاکستان میں ترقیاتی کام جاری ہیں۔ عمران خان اور اپوزیشن کو چاہئے کہ وہ سیاسی ٹمپریچر کو نیچے رکھیں تحمل‘ بردباری اور برداشت کے کلچر کو فروغ دیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے عمران خان نے جلسہ‘ جلوس‘ دھرنوں اور منفی سیاست کو اپنا وطیرہ بنا لیا ہے۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد انہیں چاہئے کہ وہ کارکردگی کی بنیاد پر عوام کو اپنے ساتھ رکھنے کی کوشش کریں۔