فیصلہ عوامی امنگوں کا ترجمان‘ ڈرامے کا جلد ڈراپ سین ہو گا: خواتین کا ردعمل

فیصلہ عوامی امنگوں کا ترجمان‘ ڈرامے کا جلد ڈراپ سین ہو گا: خواتین کا ردعمل

ملتان (لیڈی رپورٹر) ایم پی اے بیگم سلطانہ شاہین نے کہا ہے کہ پانامہ کیس کا فیصلہ عوامی امنگوں کا ترجمان ہے‘ خدا دشمنوں کو کوئی خوشی نہ دے جو ملک کو ترقی کرتا پھلتا پھولتا ہوا دیکھ نہیں سکتے پاکستان قائم رہنے کے لئے بنا ہے اس کا جھنڈا سدا لہرتا رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پانامہ کیس کے فصلے اور کمشن تشکیل دئیے جانے پر کیا۔ ممبر میونسپل کارپوریشن عاصمہ اسحاق خاکوانی نے کہا کہ عدلیہ نے حق و سچ کا ساتھ دیکر پاکستان کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کر دیا ہے۔ ڈاکٹر حمیدہ خانم نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت اپنی مدت کرے گی اور انشاء اﷲ جاری تمام منصوبے پایہ تکمل کو پہنچیں گے۔ بیگم عذرا واجد نے کہا کہ خدا کا شکر ہے ملک کو دھرنوں کی سیاست سے نجات ملی پانامہ کیس کے فیصلے سے دشمن دانت پیستے رہ گئے۔ ڈاکٹر روبینہ اختر نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے جو ڈرامہ رچایا ہے اس کا جلد ڈراپ سین ہو جائے گا اور تحریک انصاف دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی الگ کردے گی۔ پی پی پی رہنما سعیدہ جمال لابر نے کہا کہ ابھی فیصلہ آیا نہیں ہے ابھی سپریم کورٹ نے کمشن تشکیل دیا ہے ملک لوٹنے والوں کو قوم اور عدلیہ بہت جلدی انجام تک پہنچائے گی سماجی رہنما بیگم زہرہ سجاد زیدی نے کہا کہ برائی کا خاتمہ اور بھلائی کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔