امریکہ پاکستان کے دینی اور قومی معاملات میں دخل اندازی بند کرے: حافظ حاکف سعید
ملتان( نامہ نگار خصوصی) امریکہ پاکستان کے دینی اور قومی معاملات میں دخل اندازی بند کرے۔ یہ بات تنظیم اسلامی کے امیر حافظ عاکف سعید نے ایک بیان میں کہی۔ امیر تنظیم ہیومن رائٹس کونسل میں امریکہ کے مستقل مندوب کی جنیوا میں تقریر پر تبصرہ کررہے تھے جس میں انہوں نے حاکمانہ انداز میں پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان توہین رسالت کے قانون کو ختم کرے اور قادیانیوں کو دوسرے مسلمانوں جیسے حقوق دے اور عام مجرموں کو سزائے موت دینے سے گریز کرے۔ امیر تنظیم نے کہاکہ امریکہ پاکستان کے غم میں دبلا ہونے کی بجائے اپنے اطواردرست کرے اور ریاستی دہشت گردی کا ارتکاب کرنے اور مسلمان ممالک میں خون کی ہولی کھیلنے سے باز رہے۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت نے ختم نبوت کے حوالے سے منسوخ کردہ تمام شقات کو بحال کرنے میں اگرچہ دیر کی ہے بہر حال دیر آید درست آید کے مصداق ہم حکومت کے اس فیصلے کی تحسین کرتے ہیں۔ اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ امریکہ کے ایسے مطالبات پر خاموشی اختیار کرنے کی بجائے اسے منہ توڑ جواب دیاجائے کہ وہ اپنے کام سے کام رکھے۔