سی پی او کی کھلی کچہری‘ 34 سائلین کے مسائل حل کرنے کے احکامات
ملتان (کرائم رپورٹر) سٹی پولیس آفیسر ملتان محمد سلیم نے اپنے دفتر میںکھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ سٹی پولیس آفیسر ملتان نے 34سائلین کے مسائل سننے کے بعد ان کے متعلقہ تھانہ کے ڈی ایس پی اور ایس ایچ اوز کو فون کر کے ان کے مسائل حل کرنے کے احکامات دیے۔ سائل وحید مراد نے درخواست دی کہ میرا سات لاکھ کا چیک ڈس آنر ہو گیا ہے جس پر سی پی او ملتان نے ایس ایچ او سیتل ماڑی کو مقدمہ درج کرنے اور قانونی کاروائی کرنے کا حکم دیا۔سائل عابد حسین نے درخواست دی کہ میری بھتیجی کے ساتھ زیادتی کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ جس پر سی پی او ملتان نے ایس پی صدر کو بعد از تفتیش قانونی کاروائی کا حکم دیا۔ اشفاق احمد نے درخواست دی کہ سائل کے بچے اٹھا کر لے گئے ہیں۔جس پر سی پی او ملتان نے بعد از تفتیش قانونی کاروائی کا حکم دیا۔ سائل محمد شریف نے درخواست دی کہ سائل کو محمد توصیف اور ایک نا معلوم عورت آئے روز دھمکیاں دیتے ہیں اور گھر میں گھس کر تنگ کرتے ہیں۔ جس پر سی پی او ملتان نے ایس ایچ او راجہ رام کو بعد از تفتیش قانونی کاروائی کا حکم دیا۔ دریں اثناء سٹی پولیس آفیسر ملتان محمد سلیم نے اپنے ضلع ملتان میں انوسٹی گیشن کی مد میں انوسٹی گیشن آفیسرز کو فنڈز جاری کر دئیے اور ہدایات کیں کہ انوسٹی گیشن کو بہتر سے بہترین انداز میں سر انجام دیں۔ سی پی او ملتان نے فنڈز کو تفتیشی مراحل میں جو اخراجات پیش آتے ہیں ان کے لئے دئیے ہیں۔ یہ فنڈز انسپکٹر محمد فہیم انوسٹی گیشن سنٹر ملتان، سب انسپکٹر رضیہ بیگم وومین داد رسی سنٹر ملتان ، اے ایس آئی رائو اسلام انوسٹی گیشن سنٹر ملتان ، ا ے ایس آئی محمد انور سی آئی اے سٹاف کو دیے۔