رانا ثناء اللہ دینی معاملات پر بات سے پہلے علماء سے مشورہ کر لیا کریں: میاں مقصود
ملتان (نامہ نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ ناموس رسالت کے تحفظ اور ختم نبوت حلف نامے میں ہونے والی سازشیں کسی صورت میں بھی قابل قبول نہیں۔ اس حوالے سے جماعت اسلامی 20 اکتوبر کو پنجاب بھر کے ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز پر احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں کا انعقاد کرے گی۔ راولپنڈی‘ لاہور‘ گوجرانوالہ‘ سرگودھا‘ ملتان‘ ساہیوال‘ ڈیرہ غازی خان‘ فیصل آباد سمیت کئی بڑے شہروں میں تحفظ ختم نبوت کو یقینی بنانے اور اسلام دشمنوں کی سازشوں کو خاک میں ملانے کے لئے احتجاجی مظاہرے اور بڑے پروگرامات منعقد کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ختم نبوت ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور اس سے انکار کرنے والا دائرہ اسلام سے خارج ہے۔ رانا ثناء اللہ کے بیانات اکثر غیر دانشمندانہ ہوتے ہیں۔ دینی معاملات پر لب کشائی کرنے سے پہلے وہ علماء کرام سے مشورہ کر لیا کریں تو زیادہ بہتر ہو گا۔ رانا ثناء اللہ کی طرف سے وضاحتی بیان ناکافی ہے۔ منکرین ختم نبوت کے ہمدرد اسلام اور پاکستان کے اسلامی تشخص کے کھلے دشمن ہیں۔ جماعت اسلامی کے بانی مولانا سید ابو الاعلیٰ مودودی نے ’’مسئلہ قادیانیت‘‘ لکھ کر کلمہ حق بلند کیا تھا۔