جبر سے تبدیلی کی امید نہیں صرف عمل سے لائی جا سکتی ہے: ڈاکٹر طاہر امین
ملتان (نمائندہ نوائے وقت) شعبہ ایگرانومی بہاء الدین زکریایونیورسٹی ملتان ،دو آبہ فائونڈیشن اور انڈس کنسوریشم کے اشتراک سے منعقدہ ’’ورلڈ فوڈ ڈے‘‘ سمینار سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر طاہر امین نے کہا ہے کہ عالمی دن اس لیے منائے جاتے ہیں کہ لوگوں کو ان کی اہمیت اور مقصد سے روشناس کرایا جائے۔ اور شرکاء کے لیے نئے علوم کے بارے جاننے کا موقع ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جبر سے تبدیلی کی امید نہیں لگائی جاسکتی تبدیلی صرف عمل سے اور اپنے شعبہ میں مہارت سے حاصل ہوتی ہے۔ چیئرمین شعبہ ایگرانومی پروفیسر ڈاکٹر ناظم حسین لابر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہر سال یہ عالمی دن ایک خاص پیغام کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ مقامی سطح پر خوراک کے مسائل کو دیہی طریقوں سے اور مقامی وسائل سے حل کیاجاسکتا ہے۔ مثلا سہانجنا ، نیم کا درخت ، لسوڑے ، گاجر اور آم کا اچار متوسط طبقہ کے لوگوں میں خوراک کے مسائل پر قابو پانے میں مدد گار ثابت ہوسکتے ہیں۔منیجر پروگرام دو آبہ فائونڈیشن جاوید اقبال نے کہاکہ خوراک کے مسائل کو عالمی سطح پر حل کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں اور پاکستان میں بھی اس مسئلہ پر کام ہورہا ہے۔صوبائی اور ضلعی حکومتیں لوگوں میں آگاہی اور اس مسئلہ سے نبٹنے کے لیے پروگرام شروع کرارہے ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر بسم اللہ نے خوراک کو عالمی دن منانے کا تاریخی پس منظر بیان کیا پروفیسر ڈاکٹر شکیل حسین نے کہاکہ ایگرانومی ڈیپارٹمنٹ کا خوراک کی پیداوار میں بنیادی کردار ہے۔ اس ڈیپارٹمنٹ کے لوگوں کو کسانوں سے ڈائریکٹ رابطہ رکھنا چاہیے ۔ سیمینار کے اختتام پر وائس چانسلر ڈاکٹر طاہر امین کی قیادت میں ریلی نکالی گئی ۔سیمینار میں ڈاکٹر حسیب کھر ، ڈاکٹر احمد نعیم شہزا د ، ڈاکٹر اسد بخاری ، ڈاکٹر نعیم سرور ، ڈاکٹر شبیر حسین ، ڈاکٹر عرفان ، ڈاکٹر عامر منظور ، ڈاکٹر شاغف ، ڈاکٹر عتیق الرحمن ، ڈاکٹر عذرا یاسمین ، ڈاکٹر نعمان ، ڈاکٹر احسن اریب ، عارف عزیز ، محمد اکمل ، فرقان قمر اور طالب علموں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔