قندیل بلوچ قتل کیس:چالان جمع نہ کرانے پر عدالت تفیشی افسر پر برہم
ملتان (آئی این پی) ماڈل قندیل بلوچ قتل کیس کی سماعت 21جولائی تک ملتوی کردی گئی، عدالت نے تفتیشی افسر کی جانب سے ملزمان کا چالان نہ جمع کروانے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ پیر کو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سید ضیغم عباس رضوی کی عدالت میں ماڈل قندیل بلوچ قتل کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت میں قندیل بلوچ کے بھائی ملزم اسلم شاہین کو پیش کیا گیا۔ تفتیشی افسر کی جانب سے ملزم اسلم شاہین کا چالان جمع کروانے کیلئے عدالت سے مزید مہلت کی استدعا کی گئی جس پر عدالت کی طرف سے سخت برہمی کا اظہار کیا گیا۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ بتایا جائے چالان جمع کروانے میں کیا رکاوٹ ہے جس پر تفتیشی افسرنوراکبر کا کہنا تھا کہ ملزم اسلم شاہین کی ضمانتوں کی مصدقہ کاپی نہیں ملی جس وجہ سے چالان پیش نہیں کیا جاسکا۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ اگر آئندہ پیشی پر چالان جمع نہ کروایا جا سکا تو آپ کے خلاف مقدمہ کے احکامات جاری کئے جائینگے، تمام ملزموں کا مکمل چالان پیش کیا جائے۔