موسمی پھولوں کی نمائش صحت افزا سرگرمی، خوشگوار ماحول میسر آتاہے: کمشنر
ملتان( خبر نگار خصوصی) کمشنر ملتان ڈویژن بلال بٹ نے پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کے زیراہتمام ہونیوالی گل داؤدی کی نمائش کا افتتاح کردیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے وسیمہ عمر بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ کمشنر ملتان بلال بٹ نے افتتاح کے موقع پر کہا کہ پی ایچ اے ملتان کی خوبصورتی میں اضافہ کیلئے احسن اقدامات کررہا ہے۔ خوبصورت موسمی پھولوں کی نمائش کے انعقاد سے عوام کو بہترین سیر وتفریح کے مواقع حاصل ہونے کے ساتھ ساتھ خوشگوار ماحول بھی میسر آئیگا۔ انہوں نے مزید کہاکہ موسمی پھولوں کی نمائش صحت افزاء سرگرمی ہے۔ ماحول کو آلودگی سے بچانے کیلئے زیادہ سے زیادہ پودوں اور درختوں کی شجرکاری وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے وسیمہ عمر نے اس موقع پر کہاکہ آج کی نمائش کے پھول سولہ دسمبر کے شہداء کے نام کرتے ہیں۔ یہ پھول اے پی ایس کے معصوم بچوں کی طرح ہیں۔ جن کی حفاظت کرنا ہما را فریضہ ہے۔ ملتان کے پارکوں کو لاہور جیسے پارکس میں تبدیل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ موسم بہار کی نمائش کا انعقاد بھی بھر پور انداز سے کریں گے۔