کالا شاہ کاکو ریلوے سٹیشن کے قریب پٹری ٹوٹنے کے باعث پشاور سے کراچی جانے والی خیبر میل ہولناک حادثہ سے با ل بال بچ گئی
مریدکے (نمائندہ نوائے وقت) کالا شاہ کاکو ریلوے سٹیشن کے قریب پٹری ٹوٹنے کے باعث پشاور سے کراچی جانے والی خیبر میل ہولناک حادثہ سے با ل بال بچ گئی۔ ٹرین کی پانچ بوگیاں ٹریک کے تختوں کو چیرتی ہوئیں کھائی میں گرتے گرتے بچ گئیں۔ بتایا گیا ہے کہ پشاور سے کراچی جانے والی مسافر ٹرین خیبر میل 2ڈاو¿ن ڈیڑھ سو کے قریب مسافروں کو لے کر کالا شاہ کاکو ریلوے سٹیشن کے قریب پہنچی تو دوسری ٹرین کو گزارنے کے لیے خیبر میل کو کیبن Bفریم کے باہر روک دیا گیا۔ ٹرین کے گزرنے پر خیبر میل نے اپنی منزل کی طرف بڑھنے کے لیے جونہی رفتار پکڑی تو نا معلوم وجوہات کی بناءپر ٹریک کا سات فٹ کے قریب ٹکڑا ٹوٹ گیا جس کے باعث ٹرین کی بوگی نمبر 10،11،12،13اور 14 ریل کے درمیان لگے لکڑی کے تختوں کو چیرتی ہوئی پٹڑی سے اتر گئیں۔ ٹرین کی ویگن نمبر10 کے آہنی پہئے کھائی سے صرف ایک فٹ کے فاصلے پر پہنچ کر رک گئی جس کے باعث ٹرین بڑی تباہی سے بچ گئی۔ مقامی افراد کے مطابق ٹرین کے الٹنے کی صورت میں پٹڑی سے چند گز کے فاصلے پر واقع آبادی بھی تباہی کا شکار ہو سکتی تھی۔ ڈی ایس لاہور ڈویژن سفیان سرفراز ڈوگر نے دیگر عملہ کے ہمراہ فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ کر متاثرہ ٹرین کے مسافروں کو بابو ٹرین کے ذریعے لاہور ریلوے سٹیشن پہنچایا۔ بعدازاں ریلیف ٹرین کے ذریعے متاثرہ بوگیوں کو ہٹا کر چار گھنٹوں میں لاہور اور پشاور کے درمیان ریل ٹریک پر ٹریفک بحال کرا دی گئی۔ ڈی ایس کے مطابق ابتدائی طور پر تخریب کاری کے بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا تاہم حادثہ کے حقائق تک پہنچنے کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو تمام پہلوو¿ں سے جائزہ لے کر اپنی رپورٹ پیش کر ے گی۔ ٹرین میں موجود ماجد، لطیف اور ساجد نامی مسافروں نے بچایا کہ ٹرین کے چلنے سے کچھ دیر بعد اچانک جھٹکے لگے اور بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔ ٹرین کی برتھ پر سوئے چند افراد گر کرمعمولی زخمی ہوئے۔ حادثہ کے باعث7گھنٹے تک لاہور سے راولپنڈی کے درمیان ٹرینوں کی آمد و رفت معطل رہی۔
ٹرین/ حادثہ