62،63 کو چھیڑنے پر تضاد کا خدشہ ہے: یوسف گیلانی
ملتان (آئی این پی) سابق وزیراعظم و پیپلز پارٹی کے وائس چئیرمین سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ 62,63 کو چھیڑا گیا تو تضاد کا خدشہ پیدا ہو سکتا ہے، میثاق جمہوریت پر محترمہ بے نظیر کے وژن کے مطابق عمل کیا۔ اگر کچھ میثاق جمہوریت پر عمل نہیں ہوسکا تو اس کے ذمہ دار نوازشریف ہیں۔ آصف زرداری نے لاہور پہنچ کر بلاول کے موقف کی تائید کی ہے۔ آج نواز شریف بھی اعتراف کررہے ہیں کہ بھٹو اور میرے خلاف غلط فیصلہ دیا گیا۔ ملتان میں پارٹی راہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ اداروں کا احترام کیا اور سپریم کورٹ کے فیصلہ کو قبول کیا۔ نوازشریف عدلیہ پر جو تنقید کر رہے ہیں میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ ملک میں فری فیئر الیکشن ہونے چاہئے۔ بہت سارے لوگ پیپلز پارٹی میں شمولیت کیلئے تیار بیٹھے ہیں۔ ہمارے دور میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے، ہمارے پاس اکثریت ہوتی توآج ہم جنوبی پنجاب صوبے میں بیٹھے ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی تنظیم نو مکمل کرلی گئی ہے۔ پیپلز پارٹی کے جیالے قیمتی اثاثہ ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری خیبر پی کے میں جلسے کر رہے ہیں۔ اس کے بعد بلاول بھٹو زرداری جنوبی پنجاب میں جلسے کریں گے۔ سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ اگر آئین کے آرٹیکل 62/63 کو چھیڑا گیا تو ردعمل آئیگا۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی عدالتی قتل تھا جس کا ریفرنس بھیج دیا جلد فیصلہ کیا جائے۔ میاں نو از شریف کے خلاف اگر کوئی سازش ہوئی ہے اور جمہوریت کو خطرہ ہے تو وہ قوم کو اعتماد میں لیں۔ ملک میں آزاد شفاف الیکشن کرائے جائیں تاکہ کل کوئی انگلی نہ اٹھا سکے۔ اس موقع پر شجاع آباد سے تعلق رکھنے والے پی پی 204کے ٹکٹ ہولڈر تحریک انصاف کے رہنما راجہ طارق جاوید نے ساتھیوں سمیت پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔