ملتان: گھر میں گھس کر ماں بیٹے کو چھریاں مار کر قتل کر دیا گیا

ملتان (نمائندہ خصوصی) چاہ جموں والا میں نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر ماں اور بیٹے کو چھریاں مار کر قتل کر دیا۔ تفصیل کے مطابق محمد یوسف نے 6 سال قبل شبانہ بی بی کے ساتھ پسند کی شادی کی تھی اس نے اپنے والدین سے الگ ایک مکان میں رہائش رکھی ہوئی تھی گزشتہ روز شام کے وقت محمد یوسف دکان سے واپس آیا تو گھر میں اس کی بیوی شبانہ بی بی اور بیٹے 4 سالہ عادل کی نعش پڑی تھی۔ جنہیں نامعلوم افراد نے چھریوں کے وار کر کے قتل کردیا اور فرار ہو گئے۔ قتل کی اطلاع پر علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دوہرے قتل کی تفتیش کی جارہی ہے ابتدائی تفتیش میں پسند کی شادی اور یوسف کا اپنے والد اور بھائی کے ساتھ جھگڑے کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔