ملتان: ایک سال سے گیس چوری کرنیوالی ملز پکڑی گئی‘ پونے 12 کروڑ روپے جرمانہ عائد

ملتان (ثناءنیوز) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی ہدایت پر قائم خصوصی ضلعی ٹاسک فورس نے انڈسٹریل اسٹیٹ ملتان میں بجلی و گیس چوری میں ملوث فیکٹریوں کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ خصوصی کمیٹی نے پہلا چھاپہ نفیس پیپر ملز پر مارا جو گزشتہ ایک سال سے گیس چوری میں ملوث پائی گئی۔ مذکورہ ملز کو 11 کروڑ 80 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا اور مالکان کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا۔ جبکہ نفیس پیپر ملز کے مالکان چھاپے کے وقت فرار ہو گئے۔ واضح رہے مذکورہ فیکٹری ایک ہفتہ قبل بھی بجلی چوری میں ملوث پائی گئی تھی۔ جس کی پاداش میں انہیں ایک کروڑ روپے جرمانہ کیا گیا اور تھانہ مظفر آباد میں مقدمہ بھی درج کر لیا گیا۔ دریں اثناءاسی طرح ڈیڑھ کروڑ روپے کے گیس بل کے نادہندگی پر دھنک گلاس فیکٹری کا کنکشن بھی کاٹ دیا گیا ہے اور گیس میٹر‘ ریگولیٹر اور فلٹر اتار لئے گئے ہیں۔