بجٹ کیخلاف ملتان میں متحدہ شہری محاذ کبیروالہ میں تحریک انصاف کا مظاہرہ

بجٹ کیخلاف ملتان میں متحدہ شہری محاذ کبیروالہ میں تحریک انصاف کا مظاہرہ

ملتان+کبےر والہ (جنرل رپورٹر+نامہ نگار) متحدہ شہری محاذ ملتان کے زیراہتمام بجٹ میں عوام بالخصوص سرکاری ملازمین کو تنخواہوں میں ریلیف نہ دینے اور اشیائے ضروریہ پر سیلزٹیکس کو 16 فی صد سے 17 فی صد کرنے کے خلاف کچہری چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا مظاہرے کی قیادت کرتے ہوئے صدر متحدہ شہری محاذ طارق نعیم اﷲ خان نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہ کر کے محسن کشی کی ہے مسلم لیگ کو اقتدار میں لانے کے لئے سرکاری ملازمین نے نمایاں خدمات انجام دیں لیکن انہوں نے اقتدار میں آتے ہی ان کی مشکیں کس دی ہیں انہوں نے مزید کہا کہ ہوشربا مہنگائی میں سرکاری ملازمین سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں متحدہ شہری محاذ حکومتی بجٹ کو مسترد کرتی ہے اگر حکومت نے سیلزٹیکس میں کمی اور سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہ کیا تو احتجاج کا سلسلہ وسیع تر کر دیا جائے گا۔ کبیروالا سے نامہ نگارکے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ڈاکٹر سید خاور علی شاہ کی ہدایت پر پاکستان تحریک انصاف تحصیل کبیروالا کی جانب سے شہر موڑ پرعوام دشمن بجٹ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ،جس سے میڈیا ایڈوائیز چوہدری محمد قاسم ارائیں نے کہا کہ حکومت نے عوام دشمن بجٹ پیش کرکے سابق حکومت کی پالیسیوں کا تسلسل برقرار رکھا ہے ،مہنگائی کے تناسب سے ریلیف فراہم کرنے کی بجائے ایسے اقدامات اٹھانے کا اعلان کیا گیا ہے ،جس سے عوام پر مہنگائی کا بوجھ مزید بڑھ جائے گا ۔احتجاجی مظاہرے میں پیر نواز ش علی قریشی،چوہدری محمد شعیب ،ملک الطاف حسین سمیت دیگر کارکنوں نے شرکت کی۔ احتجاجی مظاہر ے کے بعد ریلی کی صورت میں پریس کلب خانیوال کے سامنے ضلعی سطح پر ہونے والے مظاہرے میں شریک ہونے کے لئے خانیوال روانہ ہوگئے۔
مظاہرہ