بجٹ میں ملازمین کو نظرانداز کرکے حکمرانوں نے بے حسی کا ثبوت دیا

بجٹ میں ملازمین کو نظرانداز کرکے حکمرانوں نے بے حسی کا ثبوت دیا

ملتان (جنرل رپورٹر) ایپکا ایکسائز یونٹ ملتان کے صدر ملک عبدالمجید نانڈلہ و دیگر عہدیداران نے حالیہ بجٹ کو عوام و بالخصوص سرکاری ملازمین مخالف بجٹ سے تعبیر کیا ہے جس میں ملازمین کو یکسر نظرانداز کرکے حکمرانوں نے بے حسی کا ثبوت دیا ہے نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے ملک عبدالمجید نانڈلہ‘ چودھری نیاز احمد ڈھلوں‘ احسان خان سدوزئی‘ عبدالمجید قریشی‘ رانا سہیل‘ خالدقصوری‘ شبیر غوری‘ عارف نیازی اور اظہرخورشید خان نے کہا کہ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران مہنگائی کی شرح میں 200 فیصد تک اضافہ ہوا ہے جس نے عام شہری سمیت ملازم طبقے کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے اور جسم و روح کے رشتے کو برقرار رکھنا تقریباً ناممکن ہو کر رہ گیا ہے لیکن حکمران چونکہ براہ راست اس ہوشربا مہنگائی سے متاثر نہیں ہوتے اس لئے ان کے سر پر جوں تک نہیں رینگتی ایپکا عہدیداران نے بتایا کہ ایکسائز ملازمین دیگر اداروں کے ملازمین سے کہیں زیادہ نہ صرف تنخواہوں‘ پرموشن اور بنیادی سہولیات سے محروم ہیں بلکہ وفاقی و صوبائی ریونیو کی ریکوری پر معمور اداروں میں سب سے زیادہ مظلوم ہیں برسہابرس محکمانہ ترقیوں کے انتظار میں ریٹائر ہو جاتے ہیں پنجاب حکومت کی بارہا توجہ دلانے کے باوجود حکومت کو اربوں روپے کی ریکوری دینے والے ایکسائز ملازمین حکومتی عدم توجہی کا شکار ہیں وزیراعلیٰ پنجاب وزیر ایکسائز سیکرٹری ایکسائز ملازمین کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے اقدامات کریں جن میں محکمانہ ترقی‘ ریکوری پر معمور ملازمین کو موٹر سائیکل کی فراہمی ایکسائز تھانوں کا قیام ایف بی آر کی طرز پر ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ اور ایکسائز کی مخدوش عمارت کی منتقلی شامل ہیں۔