پاکستان نے ایٹم بم الماری میں سجانے کیلئے نہیں، بھارت کی مرمت کیلئے بنایا ہے: سیاسی رہنما
ملتان( سپیشل رپورٹر) امریکہ اور بھارت کی جانب سے سنگین دھمکیوں ، بھارتی آرمی چیف کے بیان پر سیاسی رہنماؤں نے اپنے سخت رد عمل کااظہار کیا ہے۔ سیاسی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ امریکہ طاقت کے نشے میں چور ہوکر دہشت گرد بن چکا ہے۔ بھارت ، امریکہ اور اسرائیل سے گٹھ جوڑ کے بعد امریکی زبان بول رہا ہے۔ پاکستانی قوم اور فوج دشمنوں کے خلاف متحد ہیں۔ پاکستان کی طرف اگر میلی آنکھ سے دیکھا گیا تو پاکستان کا بچہ بچہ پاکستان کی حفاظت کیلئے باہر نکل آئے گا۔ پاکستانی فوج دشمن کو نیست ونابود کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز نوائے وقت کے منعقدہ فورم میں کیا۔ اس سلسلہ میں نمائندہ نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی میئر ملتان ورہنما مسلم لیگ ن سعید احمد انصاری نے کہاکہ بھارت کو جنگ اب مہنگی پڑے گی۔ ضلعی صدر مسلم لیگ ن محمد بلال بٹ نے کہاکہ امریکہ اور بھارت گٹھ جوڑ پاکستان کے خلاف ہے۔ مگر پاکستان کے ساتھ اللہ تعالیٰ کی خاص قوت ہے۔ ساری طاغوتی قوتیں ملکر بھی پاکستان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی ہیں۔ مسلم لیگ ق کے سید یزدانی گیلانی نے کہاکہ پاکستان کو مٹانے کا سوچنے والے خود مٹ گئے۔ پاکستان ہمیشہ رہنے کیلئے اللہ کے حکم سے قائم ہوا ہے ۔ ہر میلی آنکھ کو پاک فوج پھوڑ ڈالے گی۔ ضلعی جنرل سیکرٹری شیخ اطہر ممتاز نے کہاکہ امریکہ کے بعد بھارت کی دھمکی اور پھر اسرائیلی قیادت کا بھارتی دورہ اس بات کی نشاندہی ہے کہ عالمی طاغوتی قوتیں بھارت کے ساتھ کھڑی ہیں۔ پاکستان نے ایٹم بم الماری میں سجانے کیلئے نہیں بلکہ بھارت کی مرمت کیلئے بنایا ہوا ہے۔ چیئرمین یوسی 54 اور مسلم لیگ ن کے رہنما رانا سجاد نے کہا کہ بھارتی دھمکی کو پاکستانی قوم اپنے جوتے کی نوک پر رکھتی ہے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما مطیع الحسن بخاری نے کہاکہ امریکہ کی جانب سے دھمکی کے بعد اس کے پٹھو بھارت نے خوشامد کے لئے دھمکی دی ہے۔ رہنما مسلم لیگ ن راؤ ابرار علی نے کہاکہ پاکستان کو کمزور کرنے کی ہر سازش کو قوم ملکر ناکام بنائے گی۔ رہنما مسلم لیگ ن سہیل فراز نے کہاکہ ایٹم بم سے دشمن خوفزدہ ہے۔ پوری قوم بھارت سمیت اس کے اتحادیوں کو سبق سکھادے گی۔ رہنما مسلم لیگ ن عبدالرحمن نے کہاکہ بھارت نے جو دھمکی دی ہے اس کا جواب پاک فوج نے شاندار انداز سے دیا ہے۔