پنجاب بچاو تحریک شروع کردی، لاہور کے شہزادے رکاوٹیں کھڑی نہیں کرسکتے: کائرہ
(نامہ نگار خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما وصوبائی صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے بلاول بھٹو غریب عوام کی آس اور ذوالفقار علی بھٹو کی تصویر ہیں لاہور سے فیصل آباد ریلی 27 دسمبر کی کال اور ہمارے مطالبہ نہ ماننے پر بارش کا پہلا قطرہ ثابت ہوگی ہم نے ”پنجاب بچاﺅ تحریک‘‘شروع کردی ہے۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ غریب عوام کے حقوق کے تحفظ کی سیاست کی ہے، پانامہ کیس میں مسلم لیگ (ن) کی جگہ پیپلز پارٹی ہوتی تو آج فیصلہ آچکا ہوتا۔ پنجاب حکومت نے باقی جماعتوں کو ہمیشہ سکیورٹی فراہم کی۔ پیپلز پارٹی پر پابندیاں لگا کر ہمیں عوام کے حقوق کی آواز بلند کرنے سے نہیں روکا جاسکتا۔ لاہور کے شہزادے پیپلز پارٹی کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی نہیں کر سکتے۔ بلاول بھٹو نے فیصلہ کرلیا ہے کہ وہ اپنے نانا کے مشن ”روٹی ،کپڑا اور مکان“ کی تکمیل کو یقینی بنائینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے سابق صدر محمد آصف کی رہائشگاہ پر بلاول بھٹو زرداری کی لاہور سے فیصل آباد ریلی کی تیاریوں کے جائزہ کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری ریلی کے دوران بتی چوک شیخوپورہ، شاہکوٹ اور فیصل آباد میں خطاب کرینگے۔ لاہور سے ریلی کا آغاز کرکے ہم مسلم لیگ (ن) سمیت دیگر ناقدین پر واضح کردینگے کہ پیپلز پارٹی مفاہمتی نہیں بلکہ ملکی اور عوامی بقا کی سیاست کر رہی ہے۔ قمر زمان کائرہ، مرکزی سیکرٹری اطلاعات چودھری منظور احمد ودیگر قائدین نے ریلی کے روٹس کا دورہ بھی کیا۔