برطرف ڈینگی ملازمین کا بحالی اور تنخواہوں کے حق میں مظاہرہ‘ دھرنا
ملتان (سٹاف رپورٹر) محکمہ صحت کی ملازمت سے برطرف ڈینگی ملازمین نے گزشتہ روز دفتر کے باہر دھرنا دیا اور احتجاجی مظاہرہ کیا ڈینگی ملازمین نے محکمہ صحت انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی روڈ بلاک کر دیا جس کی وجہ سے ٹریفک بری طرح جام ہو گئی مظاہرین نے کہا کہ سی ای او نے ان کو نوکری سے نکالا ہے حالانکہ سردیوں میں بھی ڈینگی ملازمین ڈینگی سرویلنس کی ڈیوٹی انجام دیتے رہے ہیں انہوں نے بہانہ بنا کر 700 ڈینگی ملازمین کو نوکری سے نکال دیا ۔ احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا دفتری اوقات تک رہا جس میں ملازمین کی بڑی تعداد نے حصہ لیا مظاہرین کا کہنا ہے کہ ملتان کو ڈینگی فری کرنے میں ان کا اہم کردار ہے مظاہرین نے کہا کہ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شاہد بخاری مذاکرات کی بجائے مزاحمت پر اتر آئے ہیں دریں اثناء ڈاکٹر عطاء الرحمن نے مظاہرین سے مذاکرات کئے اور یقین دہانی کروائی کہ انکو بہت جلد ملازمت پر بحال کروانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے جس کے بعد احتجاجی مظاہرہ ختم کر دیا گیا مظاہرین نے کہا ہے کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو دوبارہ احتجاج کیا جائے گا جس کی تمام تر ذمے داری حکومت اور انتظامیہ پر ہوگی۔