نوجوان پر تشدد کا الزام‘ تھانیدار سمیت3افراد کےخلاف مقدمہ درج

نوجوان پر تشدد کا الزام‘ تھانیدار سمیت3افراد کےخلاف مقدمہ درج

ملتان (نمائندہ خصوصی) کوتوالی پولیس نے نوجوان پر تشدد کرنے کے الزام میں تھانیدار سمیت تین افراد کےخلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ تفصیل کے مطابق نواں شہر کے رہائشی نعمان احمد نے کوتوالی پولیس کو درخواست دی کہ وہ گول باغ پر واقع ایک کتاب گھر پر ملازمت کرتا تھا۔4 مارچ کواسکے ساتھ راہزنی کی واردات ہوئی۔ کتاب گھر کا مالک عون جاوید مقدمہ درج کروانے کےلئے اسے تھانہ گلگشت لے گیا جہاں پر عون جاوید نے پولیس کے ساتھ ملی بھگت کرکے اسے گرفتار کروادیا۔ اے ایس آئی نوشیروان‘ کانسٹیبل عمران اور عون جاوید نے تھانے میں اسے تشدد کانشانہ بنایا۔ اگلے روز ملزمان اسے ایک پولٹری فارم پر لے گئے جہاں پر اسے چارپائی کے ساتھ باندھ کر تشدد کا نشانہ بنایاگیا۔ ملزمان نے پانی کا پائپ اس کے منہ میں ڈال کر موٹر چلا دی جس سے وہ بے ہوش ہوگیا۔ میڈیکل رپورٹ میں الزام ثابت ہونے پر ملزمان کےخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ تھانیدار نوشیروان اور کانسٹیبل کو معطل کر دیاگیا ہے۔