غیر قانونی لوڈر رکشے تیار کرنیوالی ورکشاپس کیخلاف کریک ڈائون ، متعدد سیل
ملتان (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر ملتان نادر چٹھہ کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے غیر قانونی طور پر لوڈر رکشے تیار کرنے والی ورکشاپوں کیخلاف کریک ڈائون تیز کر دیا ہے ۔ اس سلسلے میں گزشتہ روز سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی فاروق ڈوگر نے پولیس اور سول ڈیفنس کے ہمراہ لوہا مارکیٹ اور ملحقہ علاقوں میں آپریشن کیا ۔ آپریش کے دوران سیکرٹری آر ٹی اے فاروق ڈوگر نے رکشوں کی باڈی تیار کرنے والی 7 سے زائد ورکشاپس اور دکانوں کو موقع پر سیل کر کے مالکان کیخلاف مقدمات درج کرادئیے ۔ ٹیم نے موقع پر تیار شدہ 12 سے زائد رکشوں کی باڈی بھی قبضے میں لے لی اور تمام سامان سرکاری خزانے میں جمع کرادیا ۔ سیکرٹری آر ٹی اے فاروق ڈوگر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کسی صورت غیر قانونی لوڈر رکشوں کو سڑک پر آنے نہیں دے گی ۔ تمام ورکشاپ مالکان سے ممنوعہ کاروبار دوبارہ نہ کرنے کا بیان حلفی لئے بغیر ڈی میل نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کسی کو بے روزگار نہیں کرنا چاہتی ۔ تاہم انسانی جانوں کیلئے لوڈر رکشہ شدید خطرہ بن چکے ہیں ۔ صرف قانون کے مطابق رکشہ ڈیزائن کرنے والے مالکان کو ہی روٹ پرمٹ دیا جائے گا ۔