سعودی عرب اور پاکستان کی لازوال دوستی ہمیشہ قائم رہے گی: امام کعبہ
(نامہ نگار) خطیب امام بادشاہی مسجد و چیئرمین مجلس علماء پاکستان مولانا سید عبدالخبر آزاد نے مکہ مکرمہ میں امام کعبہ الشیخ دکتور خالد الغامدی، الشیخ عبداللہ مرج (مدیر مکتب ضیوف الملکی) اور دیگر شیوخ زعماء اور معززین کے ساتھ ملاقات کی اور سعودی عرب اور وطن عزیز پاکستان کے حوالے سے دوطرفہ باہمی دلچسپی کے موضوع پر اظہار خیال کیا اور دونوں برادر اسلامی ملکوں کی خدمات کو سراہا گیا۔ مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے امام کعبہ ڈاکٹر خالد الغامدی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب ہمارا پہلا گھر ہے اور اس سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے، حرمین الشریفین کی حفاظت ہمارے ایمان اور اقدار کا تقاضا ہے۔ سعودی عرب نے ہمیشہ دنیا بھر میں جاری دہشت گردی کی مذمت کی ہے اور ہم امہ اسلامیہ کیلئے امن اتحاد اخوت اور بھائی چارے کے سعودی عرب کے مؤقف کی حمایت کرتے ہیں۔ سعودی عرب نے پاکستان کیلئے ہر مشکل گھڑی اور وقت میں ساتھ دیا۔ اگر سعودی عرب پر کوئی مشکل وقت آیا تو سرزمین عرب اور حرمین الشریفین کے تحفظ کیلئے پاکستان کا ہر ہر نوجوان اور بچہ بچہ حرمین شریفین کی حرمت پر جان قربان کرنا سعادت سمجھتا ہے۔ اس موقع پر امام کعبہ دکتور خالد الغامدی نے بھی پاکستان اور اہل پاکستان کی محبت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں آمد کے وقت جو محبت پاکستانیوں سے مجھے ملی ہے وہ میں کبھی بھول نہیں سکتا۔ پاکستانیوں کے دل ہمارے ساتھ دھڑکتے ہیں اور ہم ان جذبات اور احساسات کی قدر کرتے ہیں۔ انہوں نے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا سعودی عرب اور پاکستان کی لازوال دوستی ہمیشہ قائم رہے گی۔ ہم ہمیشہ بیت اللہ میں امت اسلامیہ اور خصوصاً اہل پاکستان کیلئے خصوصی دعائیں کرتے ہیں۔