ملتان میں 7 سوڈینگی ورکرزبغیر تنخواہ فارغ، متاثرین کا احتجاج، توڑ پھوڑ
ملتان (سٹاف رپورٹر) محکمہ صحت ملتان کی نااہلی‘ 6ماہ سے تنخواہوں سے محروم ڈیلی ویجز پر کام کرنے والے 700 ملازمین کو نوکری سے نکال دیا مشتعل ملازمین نے سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شاہد محمود بخاری کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے ان کو گیٹ پر روک لیا آفس کے شیشے توڑ دئیے جبکہ سی ای او نے کوریج کے لئے آنے والے سینئر صحافی کا موبائل فون بھی چھین لیا۔ تفصیل کے مطابق ڈینگی کے خاتمے کے لئے گزشتہ 3سال سے محکمہ صحت ملتان میں ڈیلی ویجز پر کام کرنے والے 700 ملازمین کو پہلے چھ ماہ تک تنخواہوں سے محروم رکھا گیا اور گزشتہ روز ان کو بیک جنبش قلم اچانک نوکری سے نکال دیا جس پر فاقوں سے تنگ آئے مذکورہ ملازمین نے سی ای او آفس پر دھاوا بول دیا اور دفاتر کے شیشے توڑ دئیے اس موقع پر جب سی ای او آفس نے آفس میں داخل ہونا چاہا تو مظاہرین نے ان کو گیٹ پر ہی روک لیا اور ان کے خلاف خوب نعرے بازی کی اس دوران مقامی اخبار کے سینئر صحافی نے جب موبائل سے کوریج کرنے کی کوشش کی تو سی ای او نے اپنے بندوں سے کہہ کر ان کا موبائل فون چھین لیا ور اس میں سے ویڈیوز اور تصاویر ڈیلیٹ کر دیں تاہم دیگر صحافیوں کی مداخلت پر موبائل واپس کر دیا گیا۔ اس حوالے سے ڈسٹرکٹ کوارڈینیٹر ڈینگی کنٹرول پروگرام ڈاکٹر عطاءالرحمن نے بتایا کہ لاہور فنانس ڈیپارٹمنٹ کو متعدد لیٹر لکھے لیکن تاحال ڈینگی سٹاف کی تنخواہوں کے لئے بجٹ جاری نہیں کیا گیا ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ پنجاب و ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ ڈینگی سرویلنس ڈاکٹر فرخ سلطان نے آئندہ چند روز تک ملازمین کی تنخواہیں جاری کرنے اور ان کو بحال کرانے کی یقین دہانی کرائی ہے تاہم سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شاہد محمود بخاری نے موقف دینے سے گریز کیا۔