گرین لائن کے انجن میں آگ بھڑک اٹھی کیبن مین کی بروقت نشاندہی پر حادثے سے بچ گئی
ملتان (نمائندہ خصوصی) گرین لائن کے انجمن میں اچانک آگ بھڑک اٹھی کیبن مین کی بروقت نشاندہی پر ٹرین بڑے حادثہ سے بچ گئی۔ دو گھنٹے کے بعد متبادل انجن لگا کر روانہ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز دن ساڑھے 9 بجے کے قریب کراچی سے راولپنڈی جانے والی گرین لائن جب دنیا پور ریلوے اسٹیشن کی حدود میں داخل ہوئی تو اس کے انجن میں آگ بھڑک اٹھی جس کو ڈیوٹی پر موجود کیبن مین نے دیکھ لیا اور ٹرین ڈرائیور کو صورت حال سے آگاہ کیا۔ جس نے فوری طور پر انجن بند کردیا جس سے آگ تو بجھ گئی تاہم انجن قابل استعمال نہ رہا۔ ٹرین کو 2 گھنٹے بعد متبادل انجن فراہم کر کے روانہ کیا گیا۔