عمران نے ملک دشمنی کا ثبوت دیا‘ قرضہ خوروں نے لاہور میٹرو کی مخالفت کی: شہباز شریف

ملتان (نوائے وقت نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے اگر خیبر پی کے میں بھی ن لیگ کی حکومت ہوتی تو 11 ماہ میں پشاور میں میٹرو بن جاتی۔ انہوں نے کہا عمران خان نے تبدیلی کا نعرہ لگایا، عوام کوستے ہونگے کہ اس کو ووٹ کیوں دیا؟ ملتان میں سپیڈو بس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا پی ٹی آئی نے اورنج ٹرین کی پچ کو بھی اکھیڑ دیا کہ ’’نہ کھیڈاں گے نہ کھیڈن دیاں گے‘‘ انہوں نے عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا 2014ء میں دھرنے دے کر ملک کا نظام درہم برہم کیا گیا۔ چینی صدر کا دورہ پاکستان دھرنے کی وجہ سے منسوخ کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا عمران خان نے دھرنے دیکر پاکستان مخالفت اور دشمنی کا ثبوت دیا۔ مخالفین نے سی پیک میں رکاوٹیں ڈالنے کی بھرپور کوشش کی۔ قرضہ خوروں نے لاہور میٹرو منصوبے کی مخالفت کی۔ شہباز شریف نے کہا جنوبی پنجاب کی ترقی کا سفر شروع ہو چکا ہے۔ لاہور کے بعد ملتان کو بھی میٹرو فیڈر بس سروس فراہم کی گئی ہے۔ اگلے مرحلے میں لودھراں کو فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا میٹرو فیڈر بس سروس سے غریب خاندان سفر کر سکیں گے۔ ملتان میں نئی یونیورسٹیوں میں تعلیم کا کام جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا جنوبی پنجاب کی جتنی خدمت مسلم لیگ ن نے کی ہے، کسی دوسری حکومت نے نہیں کی۔ صاف پانی کے منصوبے کا آغاز بھی جنوبی پنجاب سے کیا جا رہا ہے۔ شہباز شریف نے کہا پنجاب حکومت نے کھاد میں اربوں روپے کی سبسڈی دی۔ چھوٹے کسانوں کو بلاسود قرضے فراہم کئے گئے۔ رحیم یار خان میں پہلی آئی ٹی یونیورسٹی رواں سال مکمل ہونے والی ہے۔