کرپشن کا خاتمہ کئے بغیر پاکستان ترقی نہیں کر سکتا‘ احسان الدین قریشی
ملتان(خبر نگار خصوصی) کمشنر ملتان ڈویژن بلال احمد بٹ نے کہا ہے کہ معاشرے میں کرپشن کے خاتمے کے لئے لیڈرشپ کا کردار بہت اہم ہوتا ہے۔ ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ کو بطور لیڈراپنے محکمے میں کرپشن کے خاتمے میں کردار ادا کرنا ہوگا۔ یہ بات انہوں نے عالمی یوم انسداد بدعنوانی کے موقع پر محکمہ اینٹی کرپشن ملتان ریجن کے زیر اہتمام رضا ہال میں منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ آر پی او ملتان محمد ادریس احمد، ممبر صوبائی اسمبلی حاجی احسان الدین قریشی اور ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ملتان ریجن انجینئر امجد شعیب خان ترین بھی اس موقع پر موجود تھے۔کمشنر ملتان ڈویژن نے کہا کہ اگر کوئی اہلکار ایمانداری اور محنت سے جی چرائے گا تو یہ اس محکمے کے زوال کا سبب بنے گا اور پورے سسٹم میں خرابی پیدا ہوجائے گی۔ ریجنل پولیس آفیسر ملتان محمد ادریس احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کی بہتر انداز میں تربیت سے معاشرے کو آئیڈیل بنایا جاسکتاہے ۔کسی بھی بچے کا پہلا رول ماڈل اس کا والدہوتا ہے جس سے سیکھنے کا وہ آغاز کرتا ہے، دوسرا رول ماڈل مسجد کا امام ہوتا ہے جہاں وہ بچپن میں اپنے والد کے ساتھ نماز کی ادائیگی کے لئے جاتا ہے اور تیسرا رول ماڈل اس کا ٹیچر ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ تین رول ماڈلز بچے کی تربیت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں 15سال کے طالب علم کو اس کے والدین موٹرسائیکل خرید کر دے دیتے ہیں جس کے ذریعے وہ سکول، کالج اور اکیڈمی جاتا ہے۔ والدین اور ٹیچر اسے یہ نہیں سمجھاتے کہ18سال کی عمر کو پہنچنے سے پہلے موٹرسائیکل چلانا جرم ہے ۔ ایسے بچے جب بڑے ہوںگے تو قانون کا کس طرح احترام کریں گے۔ ممبر صوبائی اسمبلی حاجی احسان الدین قریشی نے کہا کہ کرپشن کا خاتمہ کئے بغیر پاکستان ترقی کی منازل طے نہیں کرسکتا انہوں نے کہا کہ معاشرے میں موجود تنزلی اور افراتفری کی بنیادی وجہ کرپشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کو کرپشن سے پاک کرنے کے لئے ہمیں قناعت پسندی کو اپنانا ہوگا۔ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ ملتان ریجن انجینئر امجد شعیب خان ترین نے کہا کہ قوانین پر عمل در آمد نہ ہونے کی وجہ سے معاشرے میں خرابیاں جنم لیتی ہیں اور کرپشن یا رشوت ستانی ان میں سے ایک ہے۔کرپشن ظلم کی ایک صورت ہے جس سے ایک شخص کسی کا حق غصب کرتا ہے اور اس طرح معاشرے کو کھوکھلا کرتا ہے۔ سیمینار سے پروفیسر ڈاکٹر حنیف اختر، منیرہ بٹ اور سکولوں کی طالبہ زنیرہ مصطفی نے بھی خطاب کیا۔