پولیو کے خاتمے کیلئے تمام محکموں کو مل کر کوشش کرنا ہوگی : نوشین جمشید

پولیو کے خاتمے کیلئے تمام محکموں کو مل کر کوشش کرنا ہوگی : نوشین جمشید

ملتان (وقائع نگار خصوصی) ای ڈی او کمیونٹی ڈویلپمنٹ نوشین جمشید ملک نے کہا ہے کہ پولیو ایک موذی مرض ہے اور اس کے خاتمے کیلئے تمام محکموں کو مل کر کوشش کرنا ہوگی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی او آفس کے کمیٹی روم میں محکمہ صحت ، این جی اوز کے نمائندوں و دیگر محکموں کے افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ ای ڈی او کمیونٹی ڈویلپمنٹ نوشین جمشید ملک نے کہا کہ ضلع ملتان میں پولیو مہم کے دوران دیگر متعلقہ محکمے ہر ممکن تعاون کریں اور اس مہم کو ایک مشنری جذبہ کے تحت مکمل کیا جائے ۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر شاہد حسین مگسی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 16 مارچ شروع ہونیوالی پولیو مہم کیلئے محکمہ صحت نے ایک ہزار پانچ سو نوے ٹیمیں تشکیل دیدی ہیں جو ضلع بھر کے پانچ سال سے کم عمر اکتالیس لاکھ پینتیس ہزار پانچ سو بچوں کو گھر گھر جاکر پولیو کے قطرے پلائیں گے ۔ اجلاس سے ڈاکٹر عابد حسین ، ڈاکٹر عبدالمجید گل ، نسرین جعفری ، ڈسٹرکٹ آفیسر پاپولیشن چوہدری فیاض احمد ، ڈاکٹر نبیل سلیم اور روٹری کلب کے محمد حنیف نے بھی بریفنگ دی ۔