سینٹ الیکشن میں بدترین ہارس ٹریڈنگ ہوئی، عمران نے بھی قوم کو مایوس کیا: جمشید دستی

 سینٹ الیکشن میں بدترین ہارس ٹریڈنگ ہوئی، عمران نے بھی قوم کو مایوس کیا: جمشید دستی

ملتان (سپیشل رپورٹر) ایم این اے جمشید دستی نے کہا ہے کہ سینٹ الیکشن میں بدترین ہارس ٹریڈنگ جمہوریت کے دعویٰ داروں کے منہ پر طمانچہ ہے۔ عمران خان نے بھی قوم کو مایوس کیا، پرویز خٹک اور شہباز شریف میں کوئی فرق نہیں۔ اپنی سیاسی جماعت بنا رہا ہوں جس کا نام عوامی راج پارٹی رکھ سکتا ہوں۔ کسانوں پر بدترین ظلم نے ثابت کردیا کہ حکمران عوام سے نفرت کرتے ہیں۔ شریف برادران حکومت نہیں بزنس کرنے آئے ہیں۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سینٹ الیکشن میں کروڑوں روپے کی سیٹیں بکی ہیں ۔ ارب پتی جرائم پیشہ افراد پارٹی کو فنڈز دیکر اسمبلیوں تک رسائی پا چکے ہیں۔ میری ڈگری کو جعلی کہنے والے پہلے اپنے گریبانوں میں جھانکیں۔ آج ملک میں ظلم کا بازار گرم ہے۔ ضمیر فروشوں کا پارلیمنٹ پر قبضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسوس عوام کو گدھوں‘ کتوں کا گوشت کھلایا جا رہا ہے۔ پولیس سرعام شریف شہریوں کو جعلی مقابلوں میں پار کر رہی ہے۔ کے پی کے میں عام سیاسی کارکن جاوید نسیم پر پرویز خٹک نے ظلم و ستم کرایا۔ 25 مارچ کو میں سائیکل مارچ نکالوں گا اسلام آباد تک نوجوانوں کا قافلہ میرے ساتھ ہو گا۔