بہائو الدین زکریا یونیورسٹی کی طالبہ بس کی ٹکر سے جاں بحق، طلبا کا احتجاج ، وزیر اعلٰی کا نوٹس

بہائو الدین زکریا یونیورسٹی کی طالبہ بس کی ٹکر سے جاں بحق، طلبا کا احتجاج ، وزیر اعلٰی کا نوٹس

ملتان (آئی این پی+خصوصی رپورٹر)بہائوالدین زکریا یونیورسٹی میں بس کی زد میں آکر لڑکی جاں بحق ہوگئی۔ بس ڈرائیور کی لاپرواہی کے خلاف یونیورسٹی کے طلبا کا شدید احتجاج، گیٹ پر دھرنا، تدریسی عمل کا بائیکاٹ کیا۔ بی ایس کمپیوٹر سائنس کی طالبہ عائشہ مقصود گھر سے یونیورسٹی پرچہ دینے آ رہی تھی کہ عثمان ہاسٹل کے سامنے بس سے اتری تاہم پیچھے سے آنیوالی بس نے لڑکی کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں عائشہ موقع پر جاں بحق ہوگئی جبکہ بس ڈرائیور دستگیر موقع سے فرار ہو گیا۔ طلبا نے یونیورسٹی میں تدریسی عمل کا بائیکاٹ کرتے ہوئے یونیورسٹی چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور یونیورسٹی انتظامیہ کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ احتجاج کے پیش نظر انتظامیہ نے یونیورسٹی کے گیٹ کو تالے لگا کر بند کر دیا تاہم مشتعل طلبا نے تالہ توڑ کر گیٹ پر دھرنا دے دیا۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے ڈرائیور دستگیر کو معطل کر کے واقعے کی انکوائری کے لیے کمیٹی بنا دی ہے۔ لاہور سے خصوصی رپورٹر کے مطابق وزیراعلیٰ شہباز شریف نے ملتان میں بس کی زد میں آکر طالبہ کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کو فوری گرفتار کرکے قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے۔