مراکز صحت شہریوں کو طبی سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں: ڈاکٹر شاہد محمود بخاری
ملتان( سٹاف رپورٹر ) چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر شاہد محمود بخاری نے کہا ہے کہ ہمارے بنیادی، رورل ہیلتھ مراکز لوگوںمیں صحت بارے شعور بیدار کرنے اور طبی سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ہیلتھ کنونشن کے دوران ان مراکز پر امراض کی تشخیص کے ساتھ ان کا علاج بھی ممکن بنایا جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہیلتھ کنونشن کے سلسلہ میں رورل ہیلتھ سنٹر شیر شاہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں سی ای او ڈاکٹر شاہد محمود بخاری ، خلیل احمد ممرا اور سینئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹرملک محمد اقبال نے ہیلتھ میلے کا افتتاح کیا۔ سینئر میڈیکل آفیسر رورل ہیلتھ سینٹر شیر شاہ ڈاکٹر ملک محمد اقبال نے کہا کہ ہیلتھ سہولیات کی فراہمی ،ایمبولینس و ڈیلوری سروسز اور اعلیٰ معیار کی ادویات حکومت پنجاب کے اہم اقدامات ہمیں ان اقدامات کو ہر شہری تک پہنچانا ہے۔اس موقع پر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر سلمان اختر، ڈاکٹر منیب اسلم، ملک اسلم منڈ کونسلر، ملک اللہ وسایا کونسلر، ملک خورشید کھوکھر کونسلر، ملک اکرم پھلروان وائس چیئرمین، حاجی احسن ممرا کسان کونسلر، مظہر خان بلوچ ہیڈ ماسٹر، ملک محمد عبداللہ میتلا، ملک حاجی زمان میتلا، ملک اقبال میتلا، ملک ظہور کھوکھر، ملک فیض بخش کھوکھر سمیت لوگوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔علاوہ ازیں ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ملتان کے زیر اہتمام رورل ہیلتھ سینٹر مٹوٹلی، بنیادی ہیلتھ یونٹ پونٹا اور نواب شاہ میں بھی سکریننگ کیمپ لگائے گئے ۔شیر شاہ سنٹر میں کل 34 مریضوں کی سکریننگ کی گئی جن میں ہیپاٹائٹس پازیٹیو 6‘ بلڈپریشر 9‘ شوگر 4 اور ٹی بی کے 5 مریض نکلے جبکہ نواب پور سنٹر پر کل 52 مریضوں کی سکریننگ کی گئی جن میں 20 مرد اور 32 خواتین شامل تھیں۔ ہیپاٹائٹس سی پازیٹو 10‘ شوگر کے 5‘ بلڈپریشر کے 15 مریض نکلے جبکہ 30 مریضوں کی ویکسی نیشن کی گئی۔