ملتان میں بنکنگ کرائم کورٹ کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری
ملتان (سپیشل رپورٹر) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے ملتان میں بنکنگ کرائم کورٹ کے قیام کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ ملتان میں پہلی مرتبہ بنکنگ جرائم سے متعلق عدالت کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ اس سے قبل ان مقدمات کی سماعت کے لئے صرف لاہور ہی میں عدالت قائم تھی۔ اس عدالت کے قیام کے بعد اب پورے جنوبی پنجاب سے بنکنگ جرائم سے متعلق معاملات کی سماعت ملتان میں ہو گی۔ بنکنگ کرائم کورٹ میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے عہدہ کا جج تعینات ہو گا۔ ملتان میں بنکنگ کرائم کورٹ کے قیام کا مطالبہ عرصہ دراز سے کیا جا رہا تھا۔ چند ماہ قبل چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے اپنے دورہ ملتان کے دوران ملتان میں بنکنگ کرائم کورٹ کے قیام کا اعلان کیا تھا۔ اس اعلان پر اب باقاعدہ عمل درآمد کر دیا گیا ہے۔ ملتان میں اب بنکنگ کرائم کورٹ قائم کی جا رہی ہے۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج فیصل آباد خضر حیات کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے عہدے پر ترقی دیدی ہے۔ اب خضر حیات کو ملتان میں بنکنگ کرائم کورٹ میں تعینات کر دیا گیا ہے۔