باقاعدہ مانیٹرنگ اور ذاتی جائزے سے پیشہ وارانہ کارکردگی بڑھائی جا سکتی ہے: ڈاکٹر عصمت ناز

باقاعدہ مانیٹرنگ اور ذاتی جائزے سے پیشہ وارانہ کارکردگی بڑھائی جا سکتی ہے: ڈاکٹر عصمت ناز

ملتان (نمائندہ نوائے وقت) خواتین یونیورسٹی ملتان کی ڈین آف آرٹ و سوشل سائنس ڈاکٹر عصمت ناز نے کہا ہے کہ باقاعدگی سے مانیٹرنگ اور ذاتی جائزے کے عمل سے آپ اپنی پیشہ وارانہ کارکردگی کو بڑھا سکتے ہیں۔ انسان کو چاہیے کہ وہ اپنی کمیوں اور کوتاہیوں کا جائزہ لیتا رہے اور اس سے وقت کے ساتھ امپروومنٹ کرتا جائے۔ ہمیں دور جدید کے تقاضوں کو سمجھتے ہوئے آگے بڑھنا ہے اور اپنے اپنے شعبوں میں ترقی کی منزلوں کو طے کرنا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار شعبہ کوالٹی انہسمنٹ سیل کے زیراہتمام ایک روزہ تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر کوالٹی انہسمنٹ سیل پروفیسر حمیدہ مظہر اور ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر ملکہ رانی موجود تھیں۔ پروفیسر حمیدہ مظہر نے اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی تربیتی ورکشاپ سے سیکھنے کے بہت سے مواقع ملتے ہیں جن سے آپ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں بہتری آتی ہے۔ ڈاکٹر ملکہ رانی نے کہا کہ ہمیں تعلیمی معیار پر خصوصی توجہ دینی ہو گی تاکہ تدریسی و تحقیقی عمل میں آسانی پیدا ہو۔