امریکی سفارتخانہ القدس منتقل کر کے امت مسلمہ کو منفی پیغام دیا گیا : علامہ عبدالکریم ندیم
خانیوال (نمائندہ نوائے وقت )یہودی ونصاریٰ مسلمانوں کے دشمن ہیں۔ان خیالات کااظہار پاکستان علماء کونسل کے مرکزی وائس چیئرمین علامہ عبدالکریم ندیم نے پاکستان علماء کونسل کے ضلعی صدر مفتی عمر فاروق کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ قبلہ اول پر صیہونی تسلط صرف اور صرف امریکی آشیرباد سے ممکن ہوا امریکی سفارت خانہ القدس منتقل کرکے پوری امت مسلمہ کو منفی پیغام دیا گیا۔ بیت المقدس کی قانونی و تاریخی حیثیت کو تبدیل کرنے کی پالیسی عرصہ دراز سے چل رہی تھی اس مکروہ ایجنڈے کی تکمیل کے لئے امریکی اعلان سے پوری امت مسلمہ میں اضطراب پایا جاتا ہے۔یہ عمل آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام پر کاری ضرب ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کرتے ہیں امریکہ اپنا فیصلہ واپس لے۔ اس موقع پر مفتی خالد محمد ازھر‘ مفتی عمر فاروق ‘ ر مفتی سمیع اللہ معاویہ، مولانا سعداللہ ندیم،مولانا اکرام اللہ خان، مولانا اقبال ساجد، قاری محمد جمیل احمد حصاری، مولانا عبدالواجد قاسمی،پروفیسر شیخ زوہیب و دیگر علماء کرام بھی موجود تھے۔