سکول اوقات میں اساتذہ پر موبائل فون رکھنے پر پابندی عائد
ملتان (نمائندہ نوائے وقت) محکمہ تعلیم سکولز ملتان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے سکول اوقات کے دوران اساتذہ کے موبائل فون استعمال پر پابندی عائد کردی ہے اور صرف سکیورٹی الارم کیلئے فراہم کی گئی یو فون سم موبائل فون چالو رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔ اسی طرح سی ای او نے افسران تعلیم اور سربراہان سکولز کو ہدایت کی ہے کہ سکول کھلنے سے قبل سٹاف حاضری رجسٹر مکمل کیا جائے اور اساتذہ کی حاضری اور چھٹی رجسٹر پر درج ہونی چاہئے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی ہے کہ سوائے میڈیکل رخصت کے تمام رخصت ایڈوانس لی جائیں اور درخواست منظور ہونے کے بعد ہی چھٹی کی جائے۔ مزید براں سی ای او سکولز نے سکولز میں تعینات چوکیداروں کے رات کو سونے اور سکول میں چارپائی رکھنے پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔ اس بارے میں شکایات موصول ہو رہی ہیں کہ چوکیدار رات کو سکول میں پہرہ دینے کی بجائے چارپائی ڈال کر سو جاتے ہیں جس کے باعث چوکیداری کا مقصد ہی ختم ہو جاتا ہے۔